ملتان میں کنٹرول ریٹ پرآٹے کی فراہمی کے انتظامات مکمل،فلور ملز کے لیے گندم کا ہفتہ وار کوٹہ مقرر

بدھ 8 جولائی 2020 14:20

ملتان میں کنٹرول ریٹ پرآٹے کی فراہمی کے انتظامات مکمل،فلور ملز کے ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) ضلع ملتان میں شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،ضلعے کی فلور ملزکے لیے ہفتہ وار 700 میٹرک ٹن سرکاری گندم کی فراہمی کا کوٹہ مقرر کردیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کے مطابق عوام کو 10 کلوآٹے کا تھیلا 430 روپے جبکہ 20 کلو گرام کاتھیلا 860 روپے کا دستیاب ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ فلور ملز کے مالکان 10 کلو کا بیگ 419 روپے اور20 کلو بیگ837 روپے میں ڈیلرز کو دینے کے پابند ہو ں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سرکاری گندم کا کوٹہ صرف فنکشنل فلور ملز کو فراہم کیا جائے گا، حکومت ہر شہری کو مقررہ نرخ پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانا چاہتی ہے،چکیوں کو سرکاری گندم دینے کا اختیار بھی حاصل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ فلور ملز کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی ،افسران پر مشتمل ٹیمیں پسائی،سپلائی چین اور ڈیلرز کا سٹاک مانیٹر کریں گی جبکہ فلور ملز مالکان بھی سرکاری گندم اور آٹے کی سپلائی کا دستاویزی ریکارڈ تیار کریں گے۔

فلور ملز کو گندم اور ڈیلرز کو آٹے کی سپلائی کا ڈیٹا روزانہ ویب پورٹل پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری گندم کا آٹا ڈیلرز کو فراہم نہ کرنے والی فلور ملز کو سیل کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :