بھٹہ خشت کی اینٹیں پکانے کیلئے کوئلہ انتہائی ضروری ہے، ،حکومت کوئلے کی بلاجواز بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری سخت اقدامات یقینی بنائے،بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن فیصل ۱ٓباد کی ارباب اختیار سے اپیل

بدھ 8 جولائی 2020 15:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) بھٹہ خشت کی اینٹیں پکانے کیلئے کوئلہ انتہائی ضروری ہے لیکن کوئلہ مافیا نے اس کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ کر کے بھٹوںکی چمنیوں سے نکلنے والا دھواں بند کر دیا ہے لہٰذاحکومت کے ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ کوئلے کی بلاجواز بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری سخت اقدامات یقینی بنائے۔

بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن فیصل ۱ٓباد ستیانہ روڈ سیکٹرکے صدر چوہدری اسلم چدھڑ،سینئر نائب صدر افضال ککڑاورنائب صدر امتیاز ککڑنے بدھ کے روز میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ کوئلہ کی قیمت میں بے تحاشہ و بلاجواز اضافہ سے صرف ستیانہ روڈ پر 42میں سی19بھٹے کوئلہ نہ ملنے کی وجہ سے بند ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے مالکان کے زبردست مالی نقصان کے ساتھ ساتھ 3ہزار لیبر بھی بیروزگار ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ہم 4ماہ تک اپنی لیبر کو گھر بٹھا کر مزدوری دیتے رہے ہیں تاکہ کورونا وائرس مزید نہ پھیلے لیکن اب جب بھٹے چلانے کا وقت آیا ہے تو مافیا نے کوئلہ کی قیمت بلاجواز بڑھا کر دو گناکر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر بھٹوں کو فوری طور پر کوئلہ دستیاب نہ ہوا تو آنے والے دنوں میں اس سیکٹر کے باقی درجنوں بھٹے بھی بند ہو جائیں گے جس کی 10ہزار لیبر بیروزگار ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان کے پاس اب اتنے مالی وسائل نہیں کہ وہ اپنی لیبر کو جیب سے مزدوری ادا کر سکیںلہٰذاحکومت ان کے جائز مطالبہ پر نوٹس لیتے ہوئے کوئلہ سابقہ نرخوں پر فراہم کروانے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے۔ اس موقع پر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن فیصل ۱ٓباد کے دیگر رہنماجمیل گجر،حسین خان،جمعہ خان،عامر چیمہ،حاجی طارق،آصف گجر،سرفراز لونا،سردار خان،اصغر علی باجو بھی موجود تھے۔