برہان مظفر وانی شہید کی جلائی ہوئی شمع براقرار رہے گی،خواجہ فاروق احمد

برہان وانی کشمیری نوجوانوں کے لیے آئیڈیل کی حیثیت رکھتے ہیں،عظیم کشمیری حریت پسند کمانڈر نے جدوجہد آزادی کو نئی جہت دی اور تحریک آزادی کشمیر کو نیا رخ دیا ، رہنماء پی ٹی آئی آزاد کشمیر

بدھ 8 جولائی 2020 15:52

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری وسابق وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی شہید کی جلائی ہوئی شمع براقرار رہے گی۔برہان وانی شہید کشمیری نوجوانوں کے لیے آئیڈیل کی حیثیت رکھتے ہیں،عظیم کشمیری حریت پسند کمانڈر نے جدوجہد آزادی کو نئی جہت دی اور تحریک آزادی کشمیر کو نیا رخ دیا۔

نوجوان کمانڈر نے اپنا لہو تحریک آزادی کے لیے پیش کرکے نوجوانوں کے لیے واضح پیغام دیا ہے۔آج کشمیر کے ہر گھر میں برہان وانی موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی شہید کی چوتھی برسی کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔خواجہ فاروق احمد نے برہان وانی شہید کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عظیم گوریلا کمانڈر نے تحریک آزادی کشمیر کا رخ تبدیل کیا اور ہندوستان کی قابض وجابر افواج کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

(جاری ہے)

برہان مظفر وانی نے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید میڈیا کو جدوجہد آزادی کے لیے استعمال میں لایا اور بھارتی فوج کے خلاف نبرد آزما رہتے ہوئے اپنی جان تحریک آزادی کے لیے قربان کی۔برہان مظفر وانی شہید نے کشمیری قوم کے لیے ایک راہ متعین کی اور جدوجہد آزادی کو نئی سمت دیکر پوری قوم کے لیے ایک پیغام چھوڑا۔آج کشمیر کے ہر گھر میں ایک وانی موجود ہے جو ہندوستان سے آزادی کے لیے برسر پیکار ہے۔

برہان مظفر وانی شہید نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے جو خدمات اور قربانیاں پیش کی ہیں وہ کبھی فراموش نہیں کی جاسکیں گی۔عظیم مجاہد کی کمانڈر برہان مظفروانی شہید کے مشن کی تکمیل کے لیے پوری قوم سربکف ہے۔جب تک ہندوستان کشمیر کی دھرتی سے نکل نہیں جاتا اس وقت تک جدوجہد آزادی جارہی رہے گی۔کشمیری قوم بھارت سے آزادی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔کشمیریوں نے جوانمردی،عز م وہمت سے بھارتی مظالم کا مقابلہ کرکے میدان عمل میں بھارتی فوج کو شکست سے دو چار کردیا ہے۔بھارت کشمیر کے محاذ پر شکست خوردہ ہے اور اس کے لڑکھڑاتے قدم زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتے۔