فلسطینیوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیارہیں،اسرائیلی وزیراعظم

امریکی امن منصوبہ فلسطینیوں سے مذاکرات کی بنیاد بن سکتا ہے،برطانوی ہم منصب سے گفتگو

بدھ 8 جولائی 2020 16:28

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے مشرق وسطی کے لیے امن منصوبے سنچری ڈیل پرعمل درآمد کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ سنچری ڈیل کا منصوبہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مذاکرات کی بنیاد بن سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیارہیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبی فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مذاکرات کی بنیاد بن سکتا ہے۔خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں فلسطینی اراضی کے الحاق کے اسرائیلی اعلان کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے نتیجے میں امن کی تمام مساعی تباہ ہوجائیں گی۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ توقع ہے کہ نیتن یاھو غرب اردن کے الحاق کے اعلان پر نظر ثانی کریں گے۔