لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں گرفتار میر شکیل الرحمن کی ضمانت درخواست مسترد کر دی

بدھ 8 جولائی 2020 17:07

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں گرفتار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں گرفتار ملزم میر شکیل الرحمن کی ضمانت درخواست مسترد کر دی۔جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے میر شکیل الرحمن کی ضمانت پر رہائی کے لیئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی سماعت پرنیب کی طرف سے سپیشل پراسکیوٹر سید فیصل رضا بخاری ، میر شکیل الرحمن کیخلاف ریفرنس میں مدعی اور گواہ اسد کھرل جبکہ ملزم میر شکیل کی طرف سے امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار ملزم میر شکیل الرحمن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزم میر شکیل کیخلاف دائر ریفرنس کو بھی ضمانت کی درخواست میں ریکارڈ کا حصہ بنایا جا چکا ہے، مرکزی اور شریک ملزموں نواز شریف، ہمایوں فیض رسول اور بشیر احمد کو گرفتار نہ کرنا آئین کے آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی ہے، نیب آرڈیننس کے تحت ملزم کیخلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی۔۔عدالت نے اڑھائی گھنٹے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد میر شکیل کی ضمانت پر رہائی کی درخواست مسترد کر دی۔