اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ میں کوئی ادارہ اپنی ذمہ داری کسی اور کے کندھے پر نہ ڈا لے ‘چودھری پرویز الٰہی

اسمبلی ہال کے علاوہ زیر تعمیر مسجد بھی اس سال میں اگست کے آخر تک مکمل کی جائے،بلڈنگ سے پہلے مسجد کا افتتاح کروں گا‘ سپیکر پنجاب اسمبلی

بدھ 8 جولائی 2020 18:15

اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ میں کوئی ادارہ اپنی ذمہ داری کسی اور کے کندھے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) پنجاب اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ کا جائزہ لینے کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلا س منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجا ،سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خاں بھٹی ، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک ، سیکرٹری کوارڈینیشن رائے ممتاز حسین بابر ، سیکرٹری فنانس عبداللہ سنبل ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن اسد ،این سی اے کے نمائندگان کے علاوہ دیگر تعمیراتی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ اور این سی اے کے افسران نے سپیکر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ ا سمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ میں کوئی ادارہ اپنی ذمہ داری کسی اور کے کندھے پر نہ ڈا لے ۔

(جاری ہے)

بلڈنگ کی تعمیر میں تاخیر پر سپیکر کی طرف سے ذمہ داران کی سر زنش کی گئی اور انہوں نے فوری تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ جس پر بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ این سی اے ، نیسپاک اور دیگر تعمیراتی اداروں نے سپیکر کو یقین دہانی کروائی کہ رواں سال کے آخر تک زیر تعمیر بلڈنگ پنجاب اسمبلی کے حوالے کر دیں گے ۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اسمبلی ہال کے علاوہ زیر تعمیر مسجد بھی اس سال میں اگست کے آخر تک مکمل کی جائے۔ بلڈنگ سے پہلے مسجد کا افتتاح کروں گا۔ سپیکر چودھری پرویز الٰہی اور وزیر قانون محمد بشارت راجا نے ایم پی ایز ہاسٹل کے کمروں اور ملازمین کے کواٹرز کے ڈیزائن بھی دیکھے۔ اس موقع پر سپیکر نے تاکید کی کہ مسجد خوبصورت اور مثالی ہونی چاہیے اور اسمبلی ملازمین کے کواٹرز میں بھی تمام بنیادی سہولیات میسر ہونی چا ہیے ۔