ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا ضلع شرقی اور جنوبی کا تفصیلی دورہ

بارش کے پانی کی نکاسی، کچرا اٹھانے کے کام، کچراکنڈیوں کا معائنہ کیا

بدھ 8 جولائی 2020 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کاشف گلزار شیخ نے مون سون بارش کے دوران پانی کی نکاسی اور کچرا اٹھانے کے انتظامات کا معائنہ کرنے کے لئے ضلع شرقی اور جنوبی کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے شاہراہ فیصل، کارساز ، اسٹیدیم روڈ، ڈالمیا، گلستان جوہر، پہلوان گوٹھ، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ قائدین، مجاہد کالونی، شاہراہ قائدین جبکہ ضلع جنوبی میں ایم۔

اے جناح روڈ،عبداللہ ہارون روڈ، ضیا الدین احمد روڈ، شاہین کمپلیس، ایم آر کیانی روڈ، تین تلوار، زینب مارکیٹ و دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے نواز شریف اسکیم سوسائٹی گلستان جوہر سے متصل کچرا کنڈی، اتوار بازار کچرا کنڈی اور مجاہد کالونی کی کچرا کنڈی میں کچرا اٹھانے کے کام کا معائنہ کیا اور چائنیز کنٹریکٹرز کو جلد از جلد کچرا کنڈیوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء شاہراہ قائدین کی کچرا کنڈی میں بارش سے ٹوٹنے والی جھاڑیوں کی موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اٹھانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ایگزیکٹو ڈائریکٹرآپریشن طارق نظامانی، ڈائریکٹر آپریشن رفیق شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹرضلع شرقی رحمت اللہ پیرزادہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ضلع جنوبی سمیع شیخ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرحان اعوان، چائنیز کنٹریکٹر و دیگر موجود تھے۔اس موقع پر ایم ڈی نے صفائی ستھرائی کے عمل کو مزید بہتری کی طرف گامزن کرنے کے لئے ہدایات جاری کی۔ انہوں نے آگاہی مہم کے سلسلے میں علاقوں میں لگائے گئے بینرز کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے افسران و چائنیز کمپنی کو شکایتی مراکزسے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کی۔