نالوں کی صفائی کے لیے مشینری فوری طور پر بڑھائی جائے تاکہ مقررہ وقت کے اندر مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں، میئرکراچی

جون 2018ء کے بعد نالے صاف نہیں ہوئے،اس وقت 40ایکسیویٹر اور 80ڈمپرز کے ذریعے کام کیا جارہا ہے،وسیم اخترکی میڈیا سے بات چیت

بدھ 8 جولائی 2020 18:52

نالوں کی صفائی کے لیے مشینری فوری طور پر بڑھائی جائے تاکہ مقررہ وقت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ نالوں کی صفائی کے لیے مشینری فوری طور پر بڑھائی جائے تاکہ مقررہ وقت کے اندر مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں۔ جون 2018ء کے بعد نالے صاف نہیں ہوئے۔اس وقت 40ایکسیویٹر اور 80ڈمپرز کے ذریعے کام کیا جارہا ہے۔ سندھ گورنمنٹ‘ورلڈ بینک اور کے ایم سی مل کر کام کررہے ہیں۔

ورلڈ بینک نے نالوں کی صفائی کے لیے حکومت سندھ کو ایک بڑی رقم فراہم کی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کی دوپہر بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے گجر نالہ کے مختلف مقامات کیفے پیالہ‘ قلندریہ چوک‘ کوثر نیازی کالونی اور ناظم آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی‘ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن مسعود عالم‘ سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میئر کراچی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک نے جو رقم فراہم کی ہے اس کا صحیح استعمال ہونا چاہیے اور صفائی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے فوری طور پر نالوں کی صفائی کے لیے مشینری کا اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ مختلف اجلاسوں میں طے پایا تھا کہ ڈسٹرکٹ کے چھوٹے نالوں کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو فنڈز دیے جائیں گے جو اب تک نہیں دیے گئے تاہم ضلع وسطی میں محدود وسائل ہونے کے باوجود اپنی مدد آپ کے تحت کام شروع کیا ہے مگر دیگر اضلاع میں اب تک صفائی کا کام شروع نہیں ہوسکا۔

نالوں کے چوکنگ پوائنٹس فوری کھلنا ضروری ہیں بصورت دیگر برساتی پانی سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔مون سون کے سیزن میں کے الیکٹرک متحرک نظر نہیں آرہا ہے۔کے الیکٹرک کو اپنی افرادی قوت اور گاڑیاں علاقوں میں نکالنے کی ضرورت ہے تاکہ بجلی کی بحالی کا کام فوری طور پر ہوسکے اور ٹوٹے ہوئے تاروں کو جلد سے جلد جوڑا جائے تاکہ شہریوں کو جانی نقصان سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ان کا پانی بڑے نالوں میں نہیں پہنچ پارہا جس کی وجہ سے وہ نالے اُبل رہے ہیں۔ کوثر نیازی کالونی کے لنک نالے کے اوپر تجاوزات قائم کردی گئیں جس کی وجہ سے یہاں صفائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ میئر کراچی نے ہدایت کی کہ جہاں مشینری پہنچنا ممکن نہیں وہاں افرادی قوت سے کام لے کر نالے صاف کیے جائیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد ان چھوٹے نالوں کی صفائی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے کئی بار میں نے اپیل بھی کی ہے اور متعدد بار مراسلے تحریر کیے ہیں جس میں نالوں کی صفائی سے متعلق فنڈ جاری کرنے کے لیے کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر باہمی رابطوں کے ذریعے شہریوں کو سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔میئر کراچی نے صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ مشینری کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ بروقت یہ کام مکمل ہوسکے۔