برہان وانی کی شہادت پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا مظاہرہ

بدھ 8 جولائی 2020 21:10

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) کل جماعتی کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام معروف نوجوان کشمیری رہنما شہید برہان وانی کی شہادت کی برسی پر اسلام آباد میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت محمد فاروق رحمانی نے کی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطا بق مظاہرین نے ہاتھوں میں شہید برہان وانی کی تصاریر، کتبے اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اورآزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ حریت آزاد کشمیر کے رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی شہید تحریک آزادی کشمیر کے وہ عظیم نوجوان رہنما ہیں جنہو ں نے اپنے خون کا نذرانہ دیکر تحریک آزادی کو ایک نئی جلا بخشی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برہان واانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی نے ایک نیا موڑ لیا اور مقبوضہ علاقے کی طرف عالمی برادری کی توجہ میں اضافہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے طاقت کا بے تحاشا استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حالیہ دنوں کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوںنے مقبوضہ علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کو بگاڑنے کیلئے بھارتی ہندوئوں کو کشمیر کے ڈومیسائل جاری کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس مذموم بھارتی اقدام کے خلاف عالمی سطح پر مہم تیز کی جائے گی اور اقوام متحدہ کے اگلے سالانہ سیشن کو اعداد وشمار کی روشنی میں اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ مظاہرے میں دیگر کے علاوہ نثار مرزا، راجہ خادم حسین ، شمیم شال ، عبدالمجید ملک ، حاجی محمد سلطان ، عدیل مشتاق وانی، نذیر احمد کرناہی، اشتیاق حمید، عبدالمجید میر ، امتیاز اقبال وانی ، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، شیخ محمد یعقوب ، منظور الحق بٹ، مشتاق احمدبٹ، محمد شفیع ڈار زاہد صفی، میر طاہر مسعود، سلیم ہارون، سید کفایت رضوی، حسن البناء، سید یوسف نسیم ، سید مشتاق، شوکت علی لون، گلشن احمد اور شیخ عبدالمتین نے شرکت کی۔

دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فوم کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں شہید برہان وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء نے اپنی جانیں حق خود ارادیت کے حصول کیلئے قربان کی ہیں اور انکی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کشمیریوں سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور اپنی جائیدادیں غیر کشمیریوں کو ہرگز فروخت نہ کریں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کی طرف توجہ دے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما اور جموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ کے نائب چیئرمین نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ برہان وانی نے تحریک آزادی کو ایک نیا موڑ دیا۔