اندرون ملک فضائی سفر پہلے کبھی اتنا سستا نہیں تھا، ائیربلیو نے کرایوں میں حیران کن کمی کر دی

نجی ائیرلائن نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے درمیان پروازوں کا ایک طرفہ کرایہ 7 ہزار 889 روپے مقرر کر دیا، ایک مسافر کو اپنے ہمراہ 7 کلو وزنی سامان لے جانے کی اجازت بھی ہوگی

muhammad ali محمد علی بدھ 8 جولائی 2020 19:17

اندرون ملک فضائی سفر پہلے کبھی اتنا سستا نہیں تھا، ائیربلیو نے کرایوں ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8جولائی 2020ء ) اندرون ملک فضائی سفر پہلے کبھی اتنا سستا نہیں تھا، ائیربلیو نے کرایوں میں حیران کن کمی کر دی، نجی ائیرلائن نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے درمیان پروازوں کا ایک طرفہ کرایہ 7 ہزار 889 روپے مقرر کر دیا، ایک مسافر کو اپنے ہمراہ 7 کلو وزنی سامان لے جانے کی اجازت بھی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں فضائی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے کرایوں میں کمی کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملک میں آپریٹ کرنے والی نجی ائیر لائن ائیربلیو نے اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں واضح کمی کر دی ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ائیربلیو کی اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے درمیان چلائی جانے والی پروازوں کا ایک طرفہ کرایہ اب محض 7 ہزار 889 روپے ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک مسافر کو اپنے ساتھ 7 کلو وزنی سامان بھی لے جانے کی اجازت ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے بھی اندرون ملک کی پروازوں کے کرایوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ کراچی سے لاہور، اسلام آباد کے درمیان پروازوں کا کرایہ 9 ہزار 572 روپے رکھا گیا ہے۔ جبکہ مسافروں کو 7 کلو تک وزن بھی ساتھ لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اندرون ملک کے لیے پروازوں کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے کیے گئے فیصلے کا فوری اطلاق کی گیا ہے، تاکہ مسافروں کو ریلیف دیا جا سکے ۔ واضح رہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی اور اندرون ملک فضائی آپریشن بحال کیا جا چکا ہے۔

کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مارچ کے ماہ میں ملک کا فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے فضائی آپریشن محدود پیمانے پر کھولا گیا، اور کچھ اندرون ممالک روٹس کیلئے بھی پروازیں شروع کی گئی تھیں۔ گزشتہ ماہ پھر حکومت نے لاک ڈاون کے خاتمے کے بعد اندرون ملک پروازیں بحال کر دی تھیں، جبکہ اس کے بعد بین الاقوامی پروازیں بھی بحال کر دی گئیں۔