حکومت کا یورپی یونین کی پابندی کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

پی آئی اے نئی ایئرلائن کے طور پر سامنے آئے گی، یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کے ساتھ رابطے میں ہیں، یورپی یونین کی پابندی کیخلاف جلد اپیل دائر کریں گے: غلام سرورخان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 8 جولائی 2020 19:57

حکومت کا یورپی یونین کی پابندی کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-08 جولائی ۔2020ء) حکومت کا یورپی یونین کی پابندی کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ، وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے نئی ایئرلائن کے طور پر سامنے آئے گی، یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کے ساتھ رابطے میں ہیں، یورپی یونین کی پابندی کیخلاف جلد اپیل دائر کریں گے۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعتراض کرنے والے ذمہ دار، ہم تو ان کا گند صاف کر رہے ہیں۔

اپوزیشن کو تسلیم کرنا چاہیے کہ 658 لوگ ان کے دور میں جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے۔ یہ سارا کچھ 2010ء سے لے کر 2018ء تک ہوا۔ ہم ان کو نکالیں گے جو سفارش کے ذریعے آئے۔ غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت میں پیسے لے کر لائسنس کی تجدید کی جاتی تھی لیکن اب ہماری حکومت میں ایسا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

26 پائلٹس نے غلط امتحانات دیئے جن کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن یورپ سے پہلی بار معطل نہیں ہوا۔ یورپی ایوی ایشن کی جانب سے 2008ء میں بھی آپریشن معطل ہوئے تھے۔ پی آئی اے میں صفائی کریں گے تو اس کی نیک نامی ہوگی۔ جن لوگوں نے سرپرستی کی ان کیخلاف کریمنل مقدمات درج ہونگے۔ آنے والے دنوں میں آپریشن بحال ہوگا اور پی آئی اے ایک نئی ایئر لائن بنے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کا رکن ممالک کو پاکستانی پائلٹس کو کام کرنے سے روکنے کا حکم دیا ہے، یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے یورپی یونی کے رکن ممالک کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 40 فیصد لائسنسز کے اجرا میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا، ہوابازی میں ایسی صورتحال باعث تشویش ہے، پاکستان کی جانب سے جاری لائسنسز پر کام کرنیوالے پائلٹس معطل کردیں۔