جج ارشد ملک کی برطرفی، نوازشریف نے سزا ختم کروانے کیلئے درخواست تیار کرلی

سزا سنانے والا جج عہدے سے برطرف ہوتو سزا کی کوئی حیثیت نہیں، سزا کالعدم قرار دی جائے: نوازشریف کی ہدایت پر خواجہ حارث نے درخواست تیار کرلی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 8 جولائی 2020 20:18

جج ارشد ملک کی برطرفی، نوازشریف نے سزا ختم کروانے کیلئے درخواست تیار ..
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی 2020ء) جج ارشد ملک کی برطرفی، نوازشریف نے سزا ختم کروانے کیلئے درخواست تیار کرلی، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی عہدے سے برطرفی کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر خواجہ حارث نے سزا کیخلاف درخواست تیارکرلی، درخواست میں وفاق اور احتساب عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت کےجج ارشدملک کو عہدے سے برطرف کیا گیا ہے، نوازشریف کوارشدملک نے سزا اور جرمانے کا حکم سنایا تھا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سزا سنانے والا جج عہدے سے برطرف ہوتو سزا کی کوئی حیثیت نہیں، سزا کالعدم قرار دی جائے۔ درخواست میں کہا ہے کہ آئینی طورپرسزا سنانے والا جج عہدے سے برطرف ہو تو سزا کی کوئی حیثیت نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں نوازشریف کی اپیل بھی زیرسماعت ہے، عدالت نواز شریف کی سزا کو کالعدم قرار دے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے وکالت نامے پر دستخط کرکے خواجہ حارث کے حوالے کر دیا ہے۔

دوسری جانب لاہورہائیکورٹ سے ویڈیواسکینڈل کیس میں برطرف احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے بحالی کیلئے جوڈیشل سروس ٹریبونل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ارشد ملک برطرفی کا نوٹیفکیشن ملتے ہی جوڈیشل سروس ٹربیونل میں اپیل دائر کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم نوازشریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کو ویڈیو اسکینڈل کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے سات رکنی بنچ نے برطرف کردیا ہے۔ جس کے بعد احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نوکری کی بحالی کیلئے ساتھی ججز اور وکلاء سے مشاورت شروع کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق جج ارشد ملک نوکری سے برطرفی کا نوٹیفکیشن ملتے ہی لاہور ہائیکورٹ کے جوڈیشل سروس ٹربیونل میں اپیل کریں گے۔