کچی آبادیوں کو جدید خطوط پر ترقی دیکر تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت عارف علوی

ماضی میں معاشرے کے غریب طبقات کو نظر انداز کیا گیا، ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے، اجلاس سے خطاب

بدھ 8 جولائی 2020 23:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کچی آبادیوں کو جدید خطوط پر ترقی دیکر ان میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں معاشرے کے غریب طبقات کو نظر انداز کیا گیا، ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ وہ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں کچی آبادیوں کو ترقی یافتہ شکل دینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، رکن صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی، نیا پاکستان ہا?سنگ اتھارٹی کے چیئرمین انور حیدر، صدر مملکت کے سیکرٹری طارق نجیب نجمی، سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس عمران زیب خان، ڈپٹی چیئرمین این پی ایچ اے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ کچی آبادیوں میں سکول، کالج، ہسپتال، کاروباری مراکز، مساجد، پارکس، کھیل کے میدان اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں کچی آبادیوں کو رہائشی علاقوں میں تبدیل کرنے کے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں کراچی میں سرکاری اراضی کے تعمیری استعمال کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جو وفاقی حکومت کی اراضی اور کوارٹرز جن پر لوگوں نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے کے متعلق قابل عمل حل پیش کرے گی۔

اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سربراہی میں بھی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی جو سرکاری زمین اور زیر قبضہ فلیٹس کی ترقی کے لئے آرکیٹیکچرل پلان وضع کریگی، کمیٹی اپنی رپورٹ 6 ہفتے کے اندر پیش کرے گی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کچی آبادیوں کو ترقی دینے کے خطہ میں رائج بہترین طریقوں سے استفادہ کیا جائے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق طے پایا کہ کچی آبادیوں اور کراچی میں وفاقی حکومت کی اراضی و کوارٹرز کے متعلق ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے سے قبل تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔