امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا کے ریکارڈ 57 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آ گئے

کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ بدستور سر فہرست، کیسز کی مجموعی تعداد 3 ملین سے بھی تجاوز کر گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 9 جولائی 2020 06:22

امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا کے ریکارڈ 57 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے ..
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جولائی 2020ء) امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا کے ریکارڈ 57 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آ گئے۔ کورونا وائرس سے شدید متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ بدستور سر فہرست، کیسز کی مجموعی تعداد 3 ملین سے بھی تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں یومیہ بنیادوں پر مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جاتا رہا ہے تاہم گزشتہ کچھ ایام سے کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس سے ایک دن میں سامنے آنے والے مریضوں کی تعداد 50 ہزار اور 60 ہزار کی حدوں تک پہنچ گئی ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 57 ہزار سے زائد ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 31 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں اب تک مہلک کورونا وائرس 1 لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی جانیں لے چکا ہے۔ 

امریکہ کے بعد برازیل دوسرا بڑا ملک ہے جہاں کورونا کسی عذاب کی صورت نازل ہوا ہے۔

برازیل میں اب تک 17 لاکھ سے زائد لوگ کورونا کی لپیٹ میں آ چکے ہیں جبکہ 68 ہزار سے زائد افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے 1 کروڑ 21 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 5 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔