قوم، ملک اور اپنے بزرگوں کو کورونا کووڈ 19 سے بچانے کیلیے عید سادگی سے منائیں،عید الاضحی کے موقع پر ایس او پیز پر عملدرآمد کریں،

لاپرواہی سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، ہم ان ممالک میں شامل ہیں جہاں کورونا کی وبا کی شدت کم ہورہی ہے، اگر ہم احتیاط کریں گے تو دنیا کے مقابلہ میں اس مشکل صورتحال میں بہتر انداز سے نکلیں گے،وزیراعظم عمران خان کا وفاقی دارالحکومت میں آئسولیشن ہسپتال اور وبائی امراض کے علاج کے جدید مرکز کے افتتاح کے موقع پر اظہار

جمعرات 9 جولائی 2020 13:33

قوم، ملک اور اپنے بزرگوں کو کورونا کووڈ 19 سے بچانے کیلیے عید سادگی سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) وزیراعظم عمران خان نے قوم سے عیدالاضحی سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے اس موقع پر ایس او پیز پر عملدرآمد پر زوردیا ہے۔ عید الاضحی پر لاپرواہی سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، ہم ان ممالک میں شامل ہیں جہاں کورونا کی وبا کی شدت کم ہورہی ہے، اگر ہم احتیاط کریں گے تو دنیا کے مقابلہ میں اس مشکل صورتحال میں بہتر انداز سے نکلیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت میں آئسولیشن ہسپتال اور وبائی امراض کے علاج کے جدید مرکز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چین کے پاکستان میں متعین سفیر اور اعلی دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کی مشکل صورتحال کے باوجود قلیل مدت میں جدید ہسپتال بنانے پر این ڈی ایم اے کو پور ی قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اس ہسپتال میں بیڈز، عملہ سمیت تمام جدید سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی جانب سے عیدالفطر پر لاپرواہی کا مظاہرہ کیاگیا تھا جس کے باعث کورونا وبا تیزی سے پھیلی، ہسپتالوں،فرنٹ لائن ورکرز ڈاکٹرز نرسز پر دباؤ بڑھا ،اموات میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے کورونا کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن لگایا، این سی او سی نے ہدایات جاری کیں جس پر عملدرآمد کیلیے صوبائی حکومتوں نے تعاون کیا جس کے باعث جولائی میں وبا کی شدت ہماری توقع سے کم رہی۔ اس وقت ہم ان ممالک میں شامل ہیں جہاں کورونا وبا کی شدت نیچے جا رہی ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں کم اموات ہوئی ہیں۔

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی پر عیدالفطر کی طرح لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ زیادہ لوگوں کے جمع ہونے سے کورونا تیزی سے پھیلتاہے۔ انہوں نے کہاکہ عید قربان پر لاپرواہی سے کورونا پھیلے گا۔ حکومت نے اس عید کے حوالے سے جامع ایس او پیز وضع کیے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قوم، ملک اور اپنے بزرگوں اس بیماری سے بچانے کیلئے عید سادگی سے منائیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر ہم احتیاط کریں گے تو دنیا کے مقابلہ میں اس مشکل صورتحال میں بہتر انداز سے نکلیں گے۔اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیر اعظم کو ہسپتال میں موجود سہولیات پر بریفنگ دی۔ 250 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال 40 دن کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ہے۔ ہسپتال کی تعمیر سے وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں پر دبائو کم ہو گا۔