وائس چانسلر جامعہ کشمیر کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی

جمعرات 9 جولائی 2020 13:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) وائس چانسلر جامعہ کشمیر کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی، پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی 8جولائی 2021ء کو عہدے سے سبکدوش ہوں گے،ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے ٹیلی فون کے بعد وزیراعظم آزادکشمیر نے رضامندی دے دی،قبل ازیں لیفٹیننٹ جنرل(ر) محسن کمال ،پروفیسر ڈاکٹر خواجا فاروق احمد ،پروفیسر ڈاکٹر راجا عبدالقیوم،پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل کے نام قائمقام وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے گردش کر رہے تھے ،تاہم سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی مداخلت کے بعد پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی گئی ہے ،یاد رہے وائس چانسلر کی تعیناتی چار سال کیلئے ہوتی ہے ،تین سال کا ابتدائی نوٹی فکیشن جاری کیا جاتا ہے اور بعد ازاں ایک سال کی مزید توسیع حکومتی رضا مندی سے مشروط ہے ،حکومت آزادکشمیر نے سول سوسائٹی،طلبہ تنظیموں،یونیورسٹی ملازمین کی تنظیموں کے شدید احتجاج کے باوجود ڈاکٹر کلیم عباسی کو مزید ایک سال کیلئے وائس چانسلر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ادھر مختلف مکاتب فکر کے افراد اس تعیناتی کو آزادکشمیر کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے میں مزید خلفشار پیدا ہونے سے مشروط کر رہے ہیںکیونکہ ڈاکٹر کلیم عباسی کے حالیہ تین برس میں میرٹ پامالی،اقربا پروری ،برادری ازم کے قصے زبان زدوعام رہے ،وزیراعظم اس تعیناتی کے خلاف تھے تاہم شاہد خاقان عباسی کی مداخلت کے بعد یہ انتظار بھی ختم ہو گیا۔