جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

جمعرات 9 جولائی 2020 14:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے لائرز فائونڈیشن فارجسٹس کے احمد عبداللہ ڈوگر ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں وفاقی حکومت،گورنر پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔عدالت کے روبرو درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے زاہداختر زمان کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انعام غنی کو ایڈیشنل آئی جی تعینات کیا ہے ،گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد دونوں افسروں کی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعیناتی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے علاقائی حدود کا تعین نہیں کیا گیاجبکہ آئین وقانون کی رو سے صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے منظوری کے بعد ہی ترمیمی بل صدر مملکت کو بھجوایا جا سکتا ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن کالعدم کیا جائے اوردرخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکا جائے۔