سعودیہ : ابہا میں ایک شخص پیر پھسلنے سے سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گرا

پولیس نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد شہری کی لاش ڈھونڈ لی، امکانی طور پر سیلفی بنانے کے دوران انتہائی کنارے پر کھڑا ہونا موت کا باعث بن گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 جولائی 2020 15:30

سعودیہ : ابہا میں ایک شخص پیر پھسلنے سے سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا ..
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 جولائی 2020ء) سعودی عرب میں ایک شہری کا پہاڑیوں کی سیر کا شوق اس کی جان لے گیا۔ سبق ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودیہ کے جنوبی شہر ابہا کی پہاڑیوں میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جب ایک مقامی شہری پہاڑی سے پھسل کر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں گر کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن محمد السید نے بتایا کہ یہ بدنصیب شہری تفریح کی غرض سے سودہ آیا تھا، جب سیر کے دوران اس کا پیر چٹان سے پھسل گیا جس کے بعد وہ گہری کھائی میں جا گرا۔

شہری دفاع کے عملے کی جانب سے متوفی کی لاش کو تلاش کرنے میں خاصی دُشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ گھاٹی میں پہنچنے کے لیے اہلکاروں کو چار کلومیٹر نشیبی علاقے میں انتہائی دُشوار گزار اور پھسلن والے علاقے سے گزرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ان اہلکاروں نے اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر مرنے والے بدنصیب شخص کی لاش برآمد کر لی۔ سعودی شہری کی میت اس کے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔

کیپٹن محمد السید نے لوگوں کو تاکید کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سیر و تفریح کی غرض سے ضرور جائیں، مگر سیلفی لیتے وقت خطرناک اور پھسلن والے مقامات اور چٹانوں سے پرے رہیں، ایک لمحے کی غفلت پوری انسانی زندگی نگل سکتی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل دُبئی میں مقیم ایک افغانی لڑکی سیلفی لینے کے دوران کثیر منزلہ عمارت کی 17 ویں منزل سے اچانک نیچے جا گری تھی جس کے باعث اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

مقامی اخبار کے مطابق 16 سالہ افغانی لڑکی اپنے والدین کے اپارٹمنٹ میں مقیم تھی جو الشیخ زاید روڈپر ایک کثیر منزلہ عمارت کی 17 ویں منزل پر واقع تھا۔ وقوعہ کے وقت وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ اپارٹمنٹ کی بالکونی میں موجود تھی۔اْس نے کْرسی بالکونی کے کنارے لگائی۔ اور اس پر کھڑی ہو کر اپنی سیلفی بنانے لگی۔ اچانک کْرسی اْس کے نیچے سے پھسل گئی اور وہ اپنا توازن کھو کر بالکونی سے باہر کی جانب گراوٴنڈ فلور پر جاگری۔اْونچائی سے گرنے کے باعث بدنصیب لڑکی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دْبئی پولیس کے سیکیورٹی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل فیصل القاسم نے کہا ہے کہ شہری کثیر منزلہ عمارتوں میں سیلفی لینے کے دوران بہت زیادہ احتیاط سے کام لیا کریں۔