یمن میں بے گھر افرادکوکھانے ،پینے کی اشیاء پہنچانے کا کام پہلے سے زیادہ تیز ترکردیاہے،عبدالرزاق ساجد

جمعرات 9 جولائی 2020 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب کویمن میں جاری المصطفیٰ کی سرگرمیوں کے حوالے سے المصطفیٰ برطانیہ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے بتایاکہ اقوام متحدہ کی گائیڈ لائن کے مطابق یمن میں محتاج ،مظلوم ،بے گھر افرادکوکھانے ،پینے کی اشیاء پہنچانے کا کام پہلے سے زیادہ تیز ترکردیاہے۔

اقوام متحدہ کے فراہم کردہ اعدادشمارکے مطابق یمن میں اس وقت 24.1ملین افرادکو خوراک اورشیلٹر کی فوری ضرورت ہے،جب کہ 3.65افرادمکمل طورپربے گھر ہیں اور46,660افرادایسے ہیں ابھی حال ہی میں بے آسراہوئے ہیں ان میں سے 80فی صد لوگ گذشتہ ایک سال سے بے یارومددگارہیں،اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن کا بحران شدت اختیارکرچکا ہے جو عظیم انسانی المیہ ہے۔

(جاری ہے)

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ پہلے ہی یمن میں اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔عبدالرزاق ساجد کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی یمنی بھائی بہنوں اوربچوں کو ہرممکن مددپہنچانے کیلئے پرامید ہیں اوراب اقوام متحدہ کے انتباہ کے بعد ہماری امدادی ٹیمیں رفاعے عامہ کے کام میں مزید تیزی لارہی ہیں ،کیوں کہ کورونا وائرس اورہیضہ کی وباء نے وہاں موجودلوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اورہمیں اس انسانی المیہ سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈزکی بھی ضرورت ہے۔

انہوںنے بتایا کہ المصطفیٰ یمن کے علاوہ برما،شام،فلسطین ودیگر ایسے ملکوں میں کام کرتی ہے جہاں اس وقت انسانی المیے موجودہیں وہاں ہمیشہ ضرورت مندوں کوہرممکن امدادپہنچانے میں پہل کی ہے ۔عبدالرزاق ساجد کے مطابق الحمدللہ ہم نے یمن میں عارضی کیمپوں میں مقیم 1500خاندانوں میں فوڈپیکٹس تقسیم کئے اور30ہزارانفرادی افرادکو کھانے پینے کی بنیادی اشیاء پہنچائی ہیں،انہوںنے کہاکہ ہم نے یہ کام کسی ستائش کی تمنا کیلئے نہیں بلکہ انسانی فریضہ سمجھ کراوراللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے کرتے ہیں۔