عوام کورونا کی وجہ سے عید سادگی کیساتھ منائیں ،معیشت مضبوط ہو گی تو 22کروڑ پاکستانی مضبوط ہونگے‘ چوہدر سرور

مویشی منڈیوںسے کورونا کے پھیلائو کوروکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملددرآمد کر نا ہوگا ورنہ نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں‘ گورنر پنجاب

جمعرات 9 جولائی 2020 17:58

عوام کورونا کی وجہ سے عید سادگی کیساتھ منائیں ،معیشت مضبوط ہو گی تو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے مخیر حضرات کے تعاون سے سکولز کے طلباء میں کورونا سے بچائو کیلئے فیس شیلڈ تقسیم کرنے کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ مویشی منڈیوںسے کورونا کے پھیلائو کوروکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے 100فیصد عملددرآمد کر نا ہوگا ورنہ نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں، ملک اور معیشت مضبوط ہو گی تو 22کروڑ پاکستانی مضبوط ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گور نر ہائوس،لاہور میں لاہور چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسڑی کے سابق صدر الماس حیدر کی جانب سے عطیہ کردہ کورونا سے بچائو کی حفاظتی شیلڈ تقسیم کر نے کی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گور نر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کورونا کی وجہ سے یونیورسٹیز سمیت دیگر تعلیمی ادارے بند ہونے سے بہت تعلیمی نقصان ہو رہا ہے مگر اب وفاقی حکومت نے 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرد یا ہے انشاء اللہ ہم یونیورسٹیز سمیت تمام تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملددرآمد کو بھی یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ عید الفطر کے موقعہ پر شاپنگ سنٹرز سمیت رش والی جگہوں پر عوام نے کورونا کو خطرناک حد تک نظر انداز کرد یا تھا جسکی وجہ سے پاکستان میں کورونا کے مر یضوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے مگر اب اس عید پر کورونا سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی انتہائی خطر ناک ہوگی اس لیے مویشی منڈیوں میں بھی ایس او پیز پر سختی سے عملددرآمد لازمی ہے مگرعوام کو بھی چاہیے کہ وہ کورونا کی وجہ سے عید سادگی کیساتھ منائیں تاکہ مزید خطر ناک حالات سے بچا جاسکے۔

اُنہوں نے کہا کہ جہاں بھی ایس او پیز پر عمل ہوتا ہے وہاں کورونا کے مر یضوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوتی ہے جتنی جلدی ہم کورونا پر قابو پا لیں گے یہ اتنا ہی ملک کی معیشت کی بحالی کیلئے بھی اہم ہوگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سمارٹ لاک ڈائون کی بدولت کورونا مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا سمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ فائدہ مند ثابت ہوا ہے لیکن کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں چیلنجز بہت زیادہ ہیں۔

گورنر نے کہا کہ ہر انسانی جان ہمارے لیے قیمتی ہے عوام سے بھر پور اپیل کرتے ہیں کہ وہ شاپنگ سنٹرز سمیت ہرجگہ اور عید پر کورونا ایس اوپیز پر عملددرآمد یقینی بنائیں کورونا سے بچا ئو اور آگاہی کیلئے علما اکرام بھی اپنا کردار ادا کریں تاکہ کورونا سے نجات حاصل کی جاسکے۔ اس موقعہ پر الماس حیدر نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ ہم سب نے ملکر لڑنی ہے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سکول کھولنے سے پہلے پہلے سکولزکے طلباء کو کورونا سے بچائو کیلئے زیادہ سے زیادہ فیس شیلڈ فراہم کر یں جس پر ہم نے گور نر پنجاب کی سر براہی میں آج سے اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا ہے۔