لکی مروت،ضلعی انتظامیہ کا عید الاضحی کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مویشی منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ

جمعرات 9 جولائی 2020 17:58

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) صوبائی حکومت کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ نے عید الاضحی کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مویشی منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور الامین کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر مبارک سمیت پولیس ، ٹی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مویشی منڈی شہر سے باہر منتقل کرنے کے لئے حکمت عملی اور طریقہ کار وضع کرتے ہوئے کہا گیا کہ ٹی ایم اے نے شہر سے باہر منجی والا لنک روڈ پر پہلے ہی 150کنال اراضی حاصل کررکھی ہے اس لئے مویشی منڈی وہاں منتقل کردی جائے گی، اس سے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے حوالے سے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور الامین نے کہا کہ مویشی منڈی کے داخلی و خارجی راستوں پر محکمہ لائیو سٹاک کے اہلکار جانوروں پرجراثیم کش سپرے کریں گے جبکہ ان مقامات پر سینی ٹائزر کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں کے کہا کہ 50سال سے زائد عمر کے افراد اور بچوں کا مویشی منڈی میں داخلہ روکنے کے لئے پولیس سے مدد طلب کی جائے گی۔