انسداد ٹڈی دل کیلئے معاونت پر چین، جاپان اور برطانیہ کے مشکور ہیں، این ڈی ایم اے

انسداد ٹڈی دل آپریشن کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سیّد فخر امام کا این ایل ایل سی کے سفارتی اجلاس سے خطاب

جمعرات 9 جولائی 2020 18:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سیّد فخر امام نے کہا ہے کہ ہم چین، جاپان اور برطانیہ کے مشکور ہیں کہ انسداد ٹڈی دل کیلئے انہوں نے ہماری مدد کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو این ایل ایل سی کے سفارتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے انسداد ٹڈی دل آپریشن کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد سفارتی برادری کو انسداد ٹڈی دل آپریشن سے آگاہ کرنا تھا۔ شرکاء کو نائب کوآرڈینیٹر این ایل سی سی جنرل سعید اختر نے ملک میں ٹڈی دل کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی عمر حمید نے بین الاقوامی برادری سے انسداد ٹڈی دل آپریشن میں تعاون کیلئے درخواست کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ٹڈیوں سے متاثرہ ممالک میں بروقت معلومات کا تبادلہ کرنا بہت ضروری ہے۔

پاکستان میں برٹش ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ برطانیہ نے ایف اے او کو پاکستان میں ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے ایک ملین ڈالر دیئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ کے امدادی پیکیج کے تحت 83 میں سے 20 مائکرون سپریئرز پاکستان کے حوالہ کردیئے گئے ہیں۔ پاکستان میں ایف اے او کی نمائندہ مینا دولتچاہی نے انسداد ٹڈی دل آپریشن کیلئے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور این ایل سی سی کی کوششوں کو سراہا۔ ڈپلومیٹک کور کے ڈین اتادجن موولاموف، کینیا، سوڈان، عمان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، افغانستان، چین، جاپان اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے سفیران اور ہائی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھے۔