گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور سے ناصر سلمان کی ملاقات

کورونا پھیلائو میں واضح کمی وزیراعظم عمران خان کے کامیاب فیصلوں کی عکاسی ہے ،چوہدری محمد سرور

جمعرات 9 جولائی 2020 18:02

گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور سے ناصر سلمان کی ملاقات
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) ترجمان پنجاب حکومت و وزیراعلی شکایت سیل کے وائس چیئرمین ناصر سلمان نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی ، ملاقات میں گورنر پنجاب نے ناصر سلمان کو صحتیاب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ناصر سلمان کی عوامی خدمات کو سراہا ، اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان کی کورونا بحران میں پالیسیوں کو آج دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ،کورونا پھیلائو میں واضح کمی وزیراعظم عمران خان کے کامیاب فیصلوں کی عکاسی ہے ، پاکستانی قوم عمران خان کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے ،ناصر سلمان کاکہنا تھاکہ پنجاب حکومت نے کورونا کے حوالے سے ہونے والے تمام فیصلوں پر کامیابی سے عملدر آمد کروایا ، لاک ڈائون میں معاشی پیکیج ، فرنٹ لائن سولجر کی مراعات کا اجراء کیا ، عوام کے لئے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج دیا، اپوزیشن کو عوام نے پہلے بھی مستر د کیا ہے ، آئندہ بھی کریںگے کیونکہ ان کے پاس جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں۔