سٹیٹ بنک کا برآمدکنندگان اور صنعتوں کیلئے شرح سود میں کمی سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا : اعظم چوہدری

جمعرات 9 جولائی 2020 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2020ء) چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہورا عظم چوہدری نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے برآمدکنندگان اور صنعتوں کیلئے شرح سودمیں کمی کا اعلان خوش آئند ہے ،صنعتوںکے پھیلائو اور نئی سرمایہ کاری کے لیے نئے قرضوںپر 5فیصد شرح سود سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ملک بھر میںصنعتی شعبہ میں نئی سرمایہ کاری سے نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں آئے گا اور صنعتی شعبہ میں روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہونے سے بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وائس چیئرمین انجینئر خرم کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ممتاز صنعتکارو سینئر وائس چیئرمین وسیم چاولہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے باعث کورونا وائر س کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کی کاروباری سرگرمیوں اور لوگوں کے ذرائع آمدنی متاثر ہونے کی وجہ سے ان کے قرضے رواں سال 30ستمبر تک موخر کرنے کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سہولت سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کرنے والوں کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

اور وہ یکسوئی سے صنعتی شعبہ کی ترقی کیلئے خدمات سرانجام دینگے ۔اعظم چوہدری نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی طرف سے شرح سود میں کمی سے نئی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا،سرکاری ریکارڈ کے مطابق سرمایہ کاری میں ریکارڈ اضافہ ہوا اوراس نے 110کھرب روپے کی سطح عبور کرلی۔بینکوں کے ڈیپازٹ میں سالانہ بنیادوں پر12فیصد اضافہ ہوا ،اور ان کی کل سرمایہ کاری خصوصاً سرکاری سکیورٹیز40فیصد بڑھ گئی۔انہوںنے کہا کہ شرح سود میں کمی سے نئی سرمایہ کاری سے نئی انڈسٹریز کے قیام سے ملکی معیشت مستحکم اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔