فیصل آباد ،ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز فیصل آباد ریجن میں ڈائریکٹر،نیشنل سیونگ آفیسر سمیت دیگر کلیدی اسامیوں کی بڑی تعداد تقرریوں سے محروم

جمعرات 9 جولائی 2020 20:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2020ء) ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز فیصل آباد ریجن میں ڈائریکٹر،نیشنل سیونگ آفیسر سمیت دیگر کلیدی اسامیوں کی بڑی تعداد تقرریوں سے محروم ہے جس کی وجہ سے بزرگ شہری،ریٹائرڈ ملازمین اور دیگر لاکھوں افراد مراکز قومی بچت میں اپنی رقوم رکھنے والے اپنا منافع وصول کرنے کے لئے دھکے کھانے پرمجبور ہیں۔

سینٹرز کے اوقات کار بھی صرف 3گھنٹے تک محدودہیں جس کی وجہ سے دور دراز کے علاقوں سے مراکز تک پہنچنے والے شام کو مایوس واپس لوٹ رہے ہیں۔آن لائن کے مطابق آر ڈی این ایس فیصل آباد ریجن میں 39 سینٹرز قائم ہیں لیکن ان قومی بچت مراکز پر افسران سمت سٹاف کی شدید کمی پیدا ہو چکی ہے کیونکہ گزشتہ 2 سال کے دوران37افسران اور سٹاف ریٹائرڈ ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ ڈائریکٹر ایک ایک ہی اسامی ہے وہ بھی خالی ہے اسی طرح نیشنل سیونگ آفیسر کی34، جونیئر نیشنل سیونگ آفیر کی41، ایل ڈی سی کی 4، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ایک، آئی ٹی ریجنل کوارڈی نیٹر کی ایک اسامی سمیت مجموعی طورپر126اسامیوں پر افسران اورسٹاف تقرریوں سے خالی ہیں جس کی وجہ سے فیصل آباد ریجن کے آٹھوں اضلاع جن میں فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، چکوال میں قائم39 قومی بچت مراکز کا عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہے اور قومی بچت مراکز پر اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی رکھنے والے جب ماہانہ طورپر ان سینٹرز کا دورہ کرتے ہیں تو انہیں دھکوں کے سوا کچھ نہیں ملتا۔

(جاری ہے)

قومی بچت مراکز وزارت خزانہ کے ماتحت ہیں اور سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق تمام شیڈول بنک اور مالیاتی اداروں کے اوقات کار صبح 10بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ہیں لیکن قومی بچت مراکز پر کام کے اوقات کار صرف 10 بجے سی1 بجے تک ہیں جس کی وجہ سے بھی بزرگ، خواتین، پنشنر اور دیگر شہری خوار ہونے پر مجبور ہیں۔ قومی بچت مراکز پر اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی جمع کروانے والے ہزاروں شہری جب ان مراکز پرپہنچتے ہیں لیکن سٹاف کی کمی کے باعث دفتری اوقات کار جو کہ صرف تین گھنٹے تک محدود ہے صرف 25 سی30 افراد کو ڈیل کرتے ہیں جبکہ باقی سینکڑوں افراد کو گھروں کو مایوس واپس لوٹنا پڑتاہے۔

اس صورتحال پر ہزاروں متاثرین نے وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے مطالبہ کیا ہے کہ بزرگ شہریوں اور خواتین سے سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے اور قومی مراکز بچت پر عملہ پورا کیا جائے اور اس کے دفتری اوقات کارکو بھی دیگر بنکوں طرح صبح 10بجے سے سہ پہر 4 بجے تک کیا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم ہو سکے۔