پشاور ،پبلک سیکٹر ہسپتالوں اور پرائیویٹ میڈیکل ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے مابین معاہدے پر دستخط

معاہدے کے تحت دیربالا،دیر پائیں اور ہری پور کے اضلاع میں پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں پیرامیڈیکل اور نرسنگ میں کلینکل تربیت فراہم کی جائے گی نرسنگ اور پیرامیڈیکل کا شعبہ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی شفیع اللہ خان کا تقریب سے خطاب

جمعرات 9 جولائی 2020 21:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2020ء) پبلک سیکٹر ہسپتالوں اور پرائیویٹ میڈیکل ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے مابین سرکاری و نجی اشتراک سے میڈیکل نرسنگ اور پیرامیڈیکل کی کلینکل تربیت کے حوالے سے اضلاع دیر بالا،پائیں اور ہری پور کے لیے جمعرات کے روز ہیلتھ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پشاور میں ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی شفیع اللہ خان کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سپیشل سیکرٹری صحت فاروق جمیل،ایم ڈی ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر جانباز آفریدی،پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے سربراہان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت دیربالا،دیر پائیں اور ہری پور کے اضلاع میں پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں پیرامیڈیکل اور نرسنگ میں کلینکل تربیت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شفیع اللہ خان نے کہا کہ نرسنگ اور پیرامیڈیکل کا شعبہ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اسی لئے ترقی یافتہ ممالک اس شعبے کو زیادہ سے زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔

جن کی بدولت بے روزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملتی ہے جبکہ موجودہ کورونا کی وباء میں ہمارے شعبہ صحت کے نرسنگ اور پیرا میڈیکس اور ڈاکٹروں کی کارکردگی قابل فخر اور حوصلہ افزا رہی ہے جنہوں نے فرنٹ لائن پر وبا کے خلاف جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کی بدولت مذکورہ اضلاع میں صحت کے شعبے کو خاطرخواہ ترقی ملے گی اور صحت سے متعلق بہترین تربیت فراہم ہوگی۔

معاون خصوصی نے ہیلتھ فاؤنڈیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت جیسے اہم شعبہ میں اس ادارے کا کردار مثالی ہے۔اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری محکمہ صحت اور پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز کے سربراہان نے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ معاون خصوصی کو ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ایم ڈی نے شیلڈ بھی پیش کی۔قبل ازیں معاون خصوصی کو ایم ڈی ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر جانباز آفریدی نے اپنے ادارے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔