لیگی رکن اسمبلی مولانا غیا ث الدین کی ایک بار پھر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات

عمران خان ایماندار شخص ہیں ،(ن) والے حقارت سے دیکھیں گے تو ٹکٹ کی بھیک نہیں مانگیںگے ‘ گفتگو

جمعرات 9 جولائی 2020 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی مولانا غیا ث الدین نے پارٹی کی جانب سے شو کاز نوٹس کے باوجود ایک بار پھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کر ڈالی جبکہ مولانا غیاث الدین نے کہا کہ جہاں تک عمران خان کی ذات کا سوال ہے تو وہ ایماندار شخص ہیں ،آئندہ عام انتخابات میں حالات کودیکھ کر فیصلہ کرینگے ، اگر (ن) لیگ والے حقارت سے دیکھیں گے تو ان سے ٹکٹ کی بھیک نہیں مانگیںگے ۔

پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لیگی رکن اسمبلی مولاناغیاث الدین نے کہا کہ حلقے کی عوام کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ، وزیراعلیٰ خود بھی دیہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے وہ دیہاتوں میں رہنے والوں کی تکالیف کو سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

میں نے فنانس بل سمیت کسی بھی موقع پر پارٹی فیصلے کی خلاف ورزی نہیں کی اور کبھی حکومت کو ووٹ نہیں دیا ۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیڈر وہی ہیں جو (ن) لیگ کی قیادت ہے ،اگر کسی شخص میں اچھائی ہے تو اس کا بر ملا اظہار کرنا چاہیے اور صرف سیاست کی بنیاد پر اس سے انکار نہیں ہونا چاہیے ، عمران خان بذارت خود ایماندار شخص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگ (ن) میںہوں ، مجھے شو کاز نوٹس دیا گیا تھا اس کا جواب دیدیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں حالات کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے ، اگر (ن) لیگ والے حقارت سے دیکھیں گے تو ہمیں بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہم اللہ سے مانگیں گے ۔ میں اور میری رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کی اہلیہ کو اللہ تعالیٰ نے کسی کا محتاج نہیں رکھا بلکہ خدا کی ذات نے اپنا محتاج رکھا ہے ، ہم اپنے حلقے کی عوام میں رہتے ہیں اور ان کی خدمت کرتے ہیں۔