فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ نے سابق طلباء کے پورٹل کا آغاز کردیا

جمعرات 9 جولائی 2020 23:27

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ نے قومی و بین الاقوامی سطح پر کارہائے نمایاں سرانجام دینے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سابق طلباء کی پیشہ ورانہ، اخلاقی اور معاشرتی خدمات کو چینلائز کرنے کی کوشش اور ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے خصوصی ویب پورٹل کاآغاز کر دیاہے۔

پورٹل فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ڈائریکٹوریٹ نے پہلے ہی اپنے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کافی اقدامات کیے ہیں اور یہ انہی اقدامات کاایک حصہ ہے۔یہ پورٹل نہ صرف ایف جی ای آئی کے سابقہ طلباء کے درمیان رابطہ کی سہولت فراہم کرے گا بلکہ ایف جی ای آئی کیتعلیمی اداروں میں تعلیمی معیارات کو بڑھانے کی کوششوں کو بھی فائدہ مند بنائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان واجد مسعود کے مطابق پورٹل میں یہ خصوصیت ہے کہ سابقہ طلباء اپنی پسند کی کسی بھی شکل میں اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے اس پورٹل کے ذریعے اپنے پسندیدہ تعلیمی ادارے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن کے ملک بھر میں پھیلے تعلیمی اداروں کے سابق طلباء کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں پاکستان کی نامور اور مشہور شخصیات کا اعزاز رکھتے ہیں۔

فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے سابقہ طلباء میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقیاتی اصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ، امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی اور سیاستدان، مشہور گلوکار اور انجمن ہلال احمر پاکستان کے چئیر مین ابرار الحق سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔

جن کا تعلق افواج پاکستان، سیاست، تعلیم، ادب اور دوسرے شعبہ ہائے زندگی سے ہے ۔سابق طلباء کا اپنے مادر علمی سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا لیکن اب یہ پورٹل اس دوری کو ختم کرنے، مواصلاتی رابطے اور قوم کی تعمیر کے نیک مقصد کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔ایف جی ای آئی اپنے سابقہ اور موجودہ طلباء کو ٹیکنالوجی کے ذریعہ بہترین پلیٹ فارم اور سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہی.فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سابق طلباء و طالبات اپنے مادر علمی سے اپنا ٹوٹا ہوا رشتہ اس پورٹل کے ذریعے دوبارہ جوڑیں گے اور ان کی اپنے اداروں میں گزرنے والی زمانہ طالب علمی کی حسین یادیں لوٹ آئیں گی اور وہ اپنے طور پر اپنے اداروں کو اپنی خدمات پیش کرکے ملک و قوم اور اپنے اداروں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔