شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے ملاقات کیلئے حماد اظہر سے مدد مانگ لی

وزیراعظم سے ملاقات کرکے غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہتے ہیں، شوگر ملز ایسوسی ایشن

جمعرات 9 جولائی 2020 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2020ء) شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار حماد اظہر کو خط لکھ کر وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرانے میں مدد کی درخواست کی ہے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط کہا ہے کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کرکے اپنا مؤقف پیش کرنا چاہتے ہیں اور شوگر انڈسٹری سے متعلق وزیراعظم کی غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہتے ہیں۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس بھی جلد بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ مئی میں حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فارنزک کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ منظر عام پر لے آئی تھی۔رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین، مونس الٰہی، شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ، اومنی گروپ اور عمرشہریار نے چینی بحران سے فائدہ اٹھایا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں لکھا گیا کہ شوگرملز کسانوں کو امدادی قیمت سے کم قیمت دیتے ہیں اور کسانوں کو گنے کیوزن میں 15 فیصد سے زیادہ کٹوتی کی جاتی ہے،کچی پرچی اور کمیشن ایجنٹ کے ذریعے کم قیمت پر کسانوں سیگنا خریدا جاتا ہے اور اس کی لاگت زیادہ دکھائی جاتی ہے۔ رپورٹ میں چینی اسیکنڈل میں ملوث افراد کیخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور ریکوری کرنیکی سفارش کی گئی ہے جبکہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ریکوری کی رقم گنے کے متاثرہ کسانوں میں تقسیم کردی جائے۔شوگر ملز ایسوسی ایشن نے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا تھا۔