لاہور ہائیکورٹ نے پٹرول بحران کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کے کمیشن کے لئے اٹارنی جنرل سے نام طلب کر لئے

جمعرات 9 جولائی 2020 22:40

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے پٹرول بحران کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کے کمیشن کیلئے اٹارنی جنرل سے نام طلب کرلئے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 جو لائی تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل اور شبیر حسین ایڈووکیٹ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل پاکستان اور چیئرپرسن اوگرا پیش ہوئے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کو کہا گیا تھا کہ اسپیکر سے پوچھ کے بتائیں کہ وہ کمیٹی بنا رہے ہیں یا نہیں، آپ کو کہا گیا تھا کہ اس حوالے سے واضح پالیسی لے کر آئیں، آپ نے بتایا نہیں کہ بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف آپ نے کیا کارروائی کی، جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو کہا کہ آپ کے حکم پر میں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے سامنے معاملہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے پٹرول بحران کی تحقیقات کے لیے اعلی سطحی کمیشن بنانے کے لیے اٹارنی جنرل پاکستان سے نام طلب کرلئے، انہوں نے ریمارکس دیئے کہ مجھے کمیشن میں مضبوط لوگ چاہییں، اٹارنی جنرل کی جانب سے کمیشن کیلئے تجویز کردہ نام بہتر نہ ہوئے تو عدالت نام تجویز کرے گی۔