جنوبی کوریا: سیول کے مئیر لاپتہ ہونے کے بعد پولیس کو مردہ حالت میں مل گئے

مئیر پارک وون کو 2022ء کے صدارتی انتخابات کے ممکنہ امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، جو کہ لاپتہ ہونے کے بعد مردہ حالت میں پائے گئے ہیں

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 10 جولائی 2020 04:12

جنوبی کوریا: سیول کے مئیر لاپتہ ہونے کے بعد پولیس کو مردہ حالت میں مل ..
سیول (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جولائی 2020ء) سیول کے مئیر لاپتہ ہونے کے بعد پولیس کو مردہ حالت میں مل گئے۔ مئیر پارک وون کو 2022ء کے صدارتی انتخابات کے ممکنہ امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، جو کہ لاپتہ ہونے کے بعد مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو لاپتہ ہونے والے سیول کے مئیر مردہ حالت میں مل گئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تلاش کے دوران پولیس کو مئیر پارک وون کی لاش ملی ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق مئیر پارک وون کی بیٹی نے بتایا کہ ان کے والد جمعرات کو لاپتہ ہوئے تھے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ مئیر پارک وون کی تلاشی کے لیے سیول میٹرو پولیٹن پولیس ایجنسی نے ایک بڑا سرچ آپریشن شروع کیا جس میں 500 پولیس افسران سمیت رسیکیو اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ اس کے علاوہ سرچ آپریشن میں ڈرونز اور کھوجی کتوں کو بھی متحرک کیا گیا۔ 
خبر ایجنسی کے مطابق حکام نے بتایا کہ 64 سالہ مئیر پارک وون کو صبح 10 بجکر 53 منٹ پر نگران کیمروں کے ذریعے سیول کے ایک پارک کے قریب دیکھا گیا تھا اور شام 5 بجکر 5 منٹ پر لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی۔