میانمار روہنگیا اقلیت پر انسانیت سوز مظالم بند کرے، عالمی عدالت انصاف اور انسانی حقوق کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے روہنگیا کے مسلمانوں سے انصاف کیا جائے،اسلامی تعاون تنظیم

جمعہ 10 جولائی 2020 09:50

قاہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روہنگیا اقلیت پر انسانیت سوز مظالم بند کرے، عالمی عدالت انصاف اور انسانی حقوق کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے روہنگیا کے مسلمانوں سے انصاف کیا جائے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں۔

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر العثیمین نے عالمی برادری سے ایک بار پھر پرزور اپیل کی کہ وہ روہنگیا اقلیت کو انصاف دلانے کے لیے قانونی مشن کی مزید سرپرستی کرے، روہنگیا کے حقوق اور امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد تیز کرے اور روہنگیا پر جاری تشدد فورا بند کروائے،ڈاکٹر العثیمین نے روہنگیا اقلیت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سعودی کابینہ کی طرف سے مذمتی بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ مملکت نے رخائن ریاست میں امدادی کاموں میں درپیش مشکلات کی طرف توجہ مبذول کرا کر اور روہنگیا کاز کی حمایت کرکے اسلامی سربراہ کانفرنس کی قیادت کا حق ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے میانمار میں روہنگیا سمیت مختلف اقلیتوں کے حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے ماتحت انسانی حقوق کونسل کی قرارداد مذمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔