14 قومی کھلاڑی آن لائن ایشین سینئر چیس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

جمعہ 10 جولائی 2020 12:20

14 قومی کھلاڑی آن لائن ایشین سینئر چیس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) 14 قومی کھلاڑی آن لائن ایشین سینئر چیس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، چیمپئن شپ ایشین چیس فیڈریشن کے زیراہتمام 13 جولائی سے شرو ع ہوگی۔ پاکستان چیس فیڈریشن کے ترجمان و نائب صدر امین ملک نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے ۔

چیمپئن شپ میں دو کیٹگریز رکھی گئی ہیں جن میں پلس 50 اور پلس 65 شامل ہیں، چیمپئن شپ میں14 قومی کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

پلس 50 کیٹگریز میں تنویر گیلانی ، علی مداد، محمد امین، شہزاد عالم، کامران احمد قریشی، محمد اسلم کھرل اور اعجاز احمد جبکہ پلس 65 کیٹگریز میں محمد افضل مینگل، حضرت علی، محمد یوسف بلوچ، عظیم الدین، خالد محمود قریشی، اسد اللہ خان اور اقتدارالدین حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ میں تین ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے اور دونوں کیٹگریز میں بہترین خواتین کھلاڑی کا بھی انعام رکھا گیا ہے، چیمپئن شپ کے مقابلے 21 جولائی تک جاری رہیں گے۔ امین ملک نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث چیمپئن شپ کا انعقاد آن لائن کیا گیا ہے۔