میانمار حکومت روہنگیا مسلم اقلیت پر مظالم بند کرے، او آئی سی

جمعہ 10 جولائی 2020 13:15

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) اسلامی تعاون کی تنظیم ’’ او آئی سی‘‘ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روہنگیا اقلیت پر انسانیت سوز مظالم بند کرے،ان کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف اور انسانی حقوق کونسل کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر العثیمین نے عالمی برادری سے ایک بار پھر پرزور اپیل کی کہ وہ روہنگیا اقلیت کو انصاف دلانے کے لیے قانونی مشن کی مزید سرپرستی ، ان کے حقوق اور امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد تیز کرے اور ان پرتشدد فوراً بند کروائے۔ڈاکٹر العثیمین نے روہنگیا اقلیت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سعودی کابینہ کی طرف سے مذمتی بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے توجہ دلائی کہ نے رخائن ریاست میں امدادی کاموں میں درپیش مشکلات کی طرف توجہ مبذول کرا کے اور روہنگیا کاز کی حمایت کرکے اسلامی سربراہ کانفرنس کی قیادت کا حق ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے میانمار میں روہنگیا سمیت مختلف اقلیتوں کے حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے ماتحت انسانی حقوق کونسل کی قرارداد مذمت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔