عُمان میں کورونا کے ریکارڈ 1,210کیسز سامنے آ گئے

مملکت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد50 ہزار سے زائد ہو گئی، مزید 9 مریض چل بسے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 جولائی 2020 13:32

عُمان میں کورونا کے ریکارڈ 1,210کیسز سامنے آ گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2020ء) خلیجی ریاست عُمان میں کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عمان میں 1,210نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جو اس خلیجی ریاست میں اب تک کے ریکارڈ یومیہ کیسز ہیں۔نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز کی مجموعی گنتی 50,207ہو گئی ہے۔ نئے کیسز میں 271 تارکین وطن ہیں جب کہ 939 کا تعلق عُمان سے ہے۔

مملکت میں کورونا کے مزید9 مریض چل بسے ۔ اب تک مجموعی طور پر233 افراد کورونا کے ہاتھوں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔عْمان میں کرونا کے مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، گزشتہ روز مزید 1,005 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تک شفایاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 32,005 ہوگئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق اس وقت18 ہزار سے زائد افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 200مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں اور رہ نما ہدایات کے مطابق سماجی دوری اختیار کریں۔دوسری جانب عمانی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عمان میں مقیم افراد کورونا کے علاج کے اشتہاروں پر توجہ نہ دیں کیونکہ بہت سے جعلساز اور فراڈیئے کورونا کے علاج کے نام پر لوگوں کی لُوٹ مار کر رہے ہیں۔

رائل عمان پولیس (آر او پی) نے اپنے پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوویڈ 19کے علاج معالجے کی فراہمی کا دعویٰ کرنے والے اشتہارات پر ہرگز دھیان نہ دیں ۔ یہ بات رائل عمان پولیس نے اپنے ایک آن لائن جاری بیان میں کہی۔آر او پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل انکوائریز اینڈ انویسٹی گیشن نے مختلف ذرائع ابلاغ اور اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایسے اشتہارات جو کورونا وائرس کے علاج سے متعلق ہیں عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان پر یقین نہ کریں۔کیونکہ مختلف طریقوں سے کورونا وائرس کے علاج کا دعویٰ کرنے والے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، لہٰذا شہری ایسے جعل سازوں اور دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور احتیاط سے کام لیتے ہوئے ان اشتہارات پر کوئی دھیان نہ دیں۔