اسلام آباد ہائی کورٹ کی وزارت داخلہ کو سنتھیا رچی کے خلاف درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت

وزارت داخلہ 15 جولائی تک فیصلہ کرکے عدالت کو آگاہ کرے، وزارت داخلہ قانون کو مدنظر رکھ کر درخواست کا فیصلہ کرے

جمعہ 10 جولائی 2020 14:21

اسلام آباد ہائی کورٹ کی وزارت داخلہ کو سنتھیا رچی کے خلاف درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو سنتھیا رچی کے خلاف درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ 15 جولائی تک فیصلہ کرکے عدالت کو آگاہ کرے، وزارت داخلہ قانون کو مدنظر رکھ کر درخواست کا فیصلہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے ویزہ کی معیاد ختم ہونے پر سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست دائر کی ہے،وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ جبکہ پٹیشنر کے وکیل لطیف کھوسہ پیش ہوئے ، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفار کیاکہ وزارت داخلہ نے کیا آرڈر پاس کیا ہے ۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ پٹیشنر کی طرف سے وزارت داخلہ میں آٹھ جولائی کو کوئی پیش نہیں ہوا، آٹھ جولائی کو فریقین کو طلب کیا تھا لیکن پٹیشنر کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے کہاکہ سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے وکیل نے پیش ہوکر وقت مانگا ہے، ہم فیصلہ کرنے کے لیے تیار تھے لیکن پٹیشنر کے پیش نہ ہونے پر معاملہ لٹک گیا۔ وکیل لطیف کھوسہ نے کہاکہ ہم وزارت داخلہ گئے تھے اپنا کیس بھی جمع کرا دیا ہے۔ چیف جسٹس نے وزارت داخلہ حکام کو ہدایت کی کہ عدالت کی ہدایت کی ضرورت نہیں، آپ خود بھی فیصلہ کر سکتے ہیں، ہم کیس اس لیے وزارت داخلہ کو بھیجا تاکہ ان کا کنڈکٹ دیکھیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت آیندہ جمعہ تک ملتوی کردی۔