پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف سرپرائز کرسکتی ہے :شعیب اختر

گرین شرٹس کا دورہ کئی اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا :سابق فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 جولائی 2020 14:11

پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف سرپرائز کرسکتی ہے :شعیب اختر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10جولائی 2020ء ) سابق قومی فاسٹ بالر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف سیریز میں سرپرائز کر سکتی ہے جب کہ گرین شرٹس کا دورہ کئی اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔ نجی ٹی وی چینل سے ایک گفتگو کے دوران 44 سالہ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں اتنی اہلیت ہے کہ وہ انگلینڈ کو سرپرائز کرتے ہوئے سخت چیلنج کا باعث بن جائے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستانی ٹیم کیلئے کئی اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑی سیریز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت نتائج حاصل کریں۔ شعیب اختر کا خیال ہے کہ پہلے ٹیسٹ کے بعد دوسرے ٹیسٹ کی جانب بڑھتے ہوئے گرین شرٹس معجزہ کرکے دکھا سکتے ہیں۔ انہوں نے پی سی بی کی کاوشوں کو بھی سراہا کہ اس نے مشکل حالات میں بڑا دستہ ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ کیا اور انٹرا اسکواڈ میچوں کا انعقاد کر کے ٹور میچز سے محرومی کی صورت میں مشق کا بہترین موقع فراہم کیا جس سے ٹیسٹ سیریز کی تیاری ممکن ہوئی۔