قومی ٹیم کے سکواڈ میں شامل تمام لڑکے بہت پرجوش ہیں‘ دورہ انگلینڈ غیر معمولی حالات میں ہو رہا ہے ، بائولنگ کوچ مشتاق احمد

جمعہ 10 جولائی 2020 15:10

قومی ٹیم کے سکواڈ میں شامل تمام لڑکے بہت پرجوش ہیں‘ دورہ انگلینڈ غیر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 کے باعث اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی عدم موجودگی پر انگلینڈ میں موجود پاکستانی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کوخود ہی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔ مجموعی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کیاسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد کاکہنا ہے کہ یہ ٹور غیرمعمولی حالات میں ہورہا ہے، یہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تماشائی موجود ہیں اور نہ ہی تجزیہ کرنے کے لیے میڈیا نمائندگان لہٰذا ان کھلاڑیوں کو اپنے گروپ سے ہی متاثر ہونا ہے اور ایک دوسرے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہے‘انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داریوں کا خلاصہ کیا جائے تو ہمیں کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی پر خاص توجہ دینی ہے‘ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین ماہ بعد گراؤنڈ کا رخ کرنے والے ان کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے‘اسکواڈ میں شامل تمام لڑکے بہت پرجوش ہیں اور وہ بھرپور لگن سے نیٹ پریکٹس کرنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کوویڈ 19 کے پروٹوکول سے مکمل آگاہ کررہے ہیں جیسا کہ گراؤنڈز مین سے فاصلہ رکھنا اورگیند کو تھوک سے نہ چمکانا شامل ہے‘ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسپنرز عموماًً گیند کو تھوک سے ہی چمکاتے تھے تاہم ان حالات میں متبادل آپشنز کو ان کی یاداشت کا مکمل حصہ بنانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔مشتاق احمد نے کہا کہ سب سے خوش آئند عمل یہ ہے کہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف ایک دوسرے کی مکمل حوصلہ افزائی کررہے ہیں، یقین ہے کہ درجہ بدرجہ کھلاڑیوں کی کھیل میں واپسی مفید ثابت ہوگی‘پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں وورسٹر کے بائیو سیکیور ماحول میں قرنطینہ کررہی ہے جہاں وہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی زیرنگرانی مختلف تربیتی سیشنز اور انٹرااسکواڈ پریکٹس میچز کھیلنے میں مصروف ہے‘ 5اگست سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم 14 روز قرنطینہ میں گزارنے کے بعد 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوگی‘دنیا بھر کی ٹی ٹونٹی لیگز میں کوچنگ کا تجربہ رکھنے والے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد 2016 ء کے دور ہ انگلینڈ میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کا حصہ تھے‘ پاکستان نے یہ سیریز 2-2 سے برابر کی تھی‘اس سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت مصباح الحق کے سپرد تھی‘ مشتاق احمد کو انگلش کنڈیشنز پر باؤلنگ کاوسیع تجربہ ہے‘مشتاق احمد نے انگلینڈ کی سرزمین پر 8 ٹیسٹ میچز کھیلے، جہاں انہوں نے 28.81 کی اوسط سے 32 وکٹیں حاصل کیں‘وہ طویل عرصہ کاونٹی کرکٹ کھیلنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں‘ انہوں نے سسکس کو تین مختلف اوقات میں ٹائٹلز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔