سیکرٹری بلدیات سندھ کی زیر صدارت برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جائزہ اجلاس

جمعہ 10 جولائی 2020 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ کی زیر صدارت برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں صفائی کے عمل کو مزید تیز اور موثر بنانے کے حوالے سے سیکرٹری بلدیات روشن علی شیخ نے احکامات جاری کئے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام ضلاع میں موجود برساتی نالوں پر روزانہ شفٹوں کی بنیاد پر لگاتار صفائی کی عمل جاری ہے جس کے تحت ڈمپروں میں کچرا بھر کر لینڈ فل سائیٹ منتقل کیا جارہا ہے۔

سیکرٹری بلدیات سندھ کے استفسار پر ان کو بتایا گیا کہ مورخہ آٹھ جولائی کو ضلع ملیر کی حدود میں موجود برساتی نالوں سے اب تک 1672.38ٹن کچرا برساتی نالوں سے نکال کر لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

ضلع شرقی میں واقع برساتی نالوں سے مورخہ آٹھ جولائی کو 1316.633ٹن کچرا برساتی نالوں سے نکال کر لینڈ فل سائیٹ پہنچایا گیا۔روشن علی شیخ نے افسران کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر بلدیات و وزیر اعلی سندھ کی ہدایات کی روشنی میں برساتی نالوں کی صفائی کے عمل کو مزید تیزی اور بہتری کے ساتھ سر انجام دینے کی ضرورت ہے اور عوامی سہولت کی پیش نظر جلد ازاجلد اس سارے منصوبے کو تکمیل تک پہنچانا بے حد ضروری ہے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے دی جانے والی رقم کا مصرف برساتی نالوں کی صفائی کے علاوہ کچھ بھی ہونا چاہیے اور تمام ٹھیکیداروں کو واشگاف الفاظ میں یہ بات باور کروادی جائے کہ کسی بھی صورت کام کی تکمیل کی بنا رقم یا ایڈوانس کی ادائیگی کا تقاضہ نہ کریں۔ روشن علی شیخ نے شرکا میٹنگ کو ہدایات کی کہ تمام اضلاع کی حدود میں ہونی والی صفائی کی سرگرمیوں سے روزانہ کی بنیاد پر ان کو مطلع کیا جائے تاکہ کام کی تکمیل کے وقت ہر شے شفاف اور واضح ہو۔

متعلقہ عنوان :