غازی ٹائون ملیر میں پانی کی سپلائی گزشتہ تین ماہ سے تعطل کا شکار ہے،شاہ داد بلوچ

جمعہ 10 جولائی 2020 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) غازی ٹائون ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر شاہ داد بلوچ اور جنرل سیکریٹری رزاق بلوچ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ غازی ٹائون ملیر کی1300آباد گھروں کے مکین گزشتہ تین ماہ سے پینے کے پانی سے محروم ہیں یہاں کی سپلائی تعطل کا شکار ہے جس کی وجہ سے رہائشی حضرات شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور دوردراز سے پانی بھر کرلانے پر مجبور ہوچکے ہیں غازی ٹائون ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بارہا واٹر بورڈ کو تحریری درخواستیں ارسال کیں مجاز افسران سے ملاقات کی MPA محمد سلیم بلوچ سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

گرمی کے اس موسم میں پینے کے پانی کی بندش لوگوں کے لیئے عذاب کا باعث ہے اس موسم میں پانی کا استعمال زیادہ ہوتا ہے لیکن یہاں پینے کا پانی میسر نہیں ہے اس ضمن میں دو سے تین میٹنگ بھی منعقد کی گئیں جس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ جلد یہ مسئلہ حل کردیا جائے گا لیکن تاحال اس کا حل نہیں نکالاجارہا اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے اوراس مسئلہ پر توجہ نہیں دی جارہی نہ ہی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے یہ خالصتاً لوگوں کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے جسے نظر انداز کرنا صریحاً غیر اخلاقی اور غیر قانونی عمل ہے یہاں کے مکین باقاعدگی سے بلوں کی ادائیگی کرتے ہیں اور ٹیکس، بل و دیگر چارجز ادا کرنے والے شہری ہیں ،قانونی تقاضو ں کا احترام کرتے ہیں اوراپنا مسئلہ جائز طریقہ سے حل کرانا چاہتے ہیں ہم ارباب اختیار سے اپیل کرتے ہیں کہ غازی ٹائون ملیر میں پانی کی بندش کا نوٹس لیا جائے جلد اس مسئلہ کا حل نکالاجائے اور عوام کو اس کرب و اذیت سے نجات دلائی جائے جس سے وہ گزشتہ3سال سے گزررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :