کسی بھی ادارے کی جانب سے کوتاہی اور غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر خاران عبدالسلام خان اچکزئی

جمعہ 10 جولائی 2020 17:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) ڈپٹی کمشنر خاران عبدالسلام خان اچکزئی نے اسٹیڈیم کے پیسے لیپس ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو اسٹیڈیم کے لیے بہترین کردار ادا کرنا چاہیے تھا جوکہ نہیں کرسکے لیکن موجودہ وقت میں کسی بھی ادارے کی جانب سے کوتاہی اور غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے محکمے کے توسط سے فٹبال اسٹیڈیم کے مسائل کو بالا حکام تک پہنچانے میں ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز شہید نواب اکبر بگٹی فٹبال اسٹیڈیم کے مسائل پر تمام متعلقہ اداروں کے آفیسران کے ساتھ اپنے آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ایس ڈی او پی ایچ ای عبدالمطلب ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سید انور شاہ، ایس ڈی او بی اینڈ آر محمد یعقوب، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر سوئل فرٹیلیٹی عزیز محمد، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر حبیب الرحمن، ٹریسر ایریگیشن پذیر آحمد اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن خاران سے عبدالباقی، سرفراز نیشنل، منور حسین اور ملک تگاپی نے شرکت کی ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خاران عبدالسلام خان اچکزئی نے مزید کہا کہ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سے اسٹیڈیم کے لیپس پیسوں کے بارے میں وہ خود جاکر ملیں گے اور ان شاء اللہ اسٹیڈیم کے لیے علیحدہ بورنگ واٹر سپلائی کے ذریعے اسٹیڈیم کو وافر مقدار میں پانی فراہم کریں گے اور ایگریکلچر کے تجربہ کار عملے سے گراسی لگائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر خاران عبدالسلام خان اچکزئی نے آخر میں تمام محکموں کے آفیسران اور کھلاڑیوں کو تاکید کی کہ فٹبال اسٹیڈیم کے مسائل کو حل کرنے میں سب ادارے اپنے ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے باہمی اشتراک اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرے تاکہ جلد سے جلد اسٹیڈیم کا مسئلہ حل ہو۔