برطانیہ نے 60 ممالک کے لئے قرنطینہ قوانین میں نرمی کر دی، پاکستانیوں کے لئے قرنطینہ کی شرط برقرار

پاکستان سے سفر کرنے والے افراد کو 14 دن کے لئے قرنطینہ میں جانا ہو گا، امریکہ اور کینیڈا کے شہریوں پر بھی قرنطینہ کی شرط کو برقرار رکھا گیا ہے، برطانوی وزارت خارجہ

جمعہ 10 جولائی 2020 21:17

برطانیہ نے 60 ممالک کے لئے قرنطینہ قوانین میں نرمی کر دی، پاکستانیوں ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2020ء) برطانیہ نے 60 ممالک کے لئے قرنطینہ قوانین میں نرمی کر دی ہے لیکن پاکستان پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے کورونا وائرس کی وجہ سے سفر کرنے کے حوالے سے بنائے جانے والے قانون میں نرمی کر دی ہے لیکن پاکستان پر پابندی برقرار رکھی جائے گی جس کے بعد باقی ممالک کے افراد کو قرنطینہ نہیں جانا ہو گا لیکن پاکستان سے سفر کرنے والے افراد کو 14 دن کے لئے قرنطینہ میں جانا ہو گا، اس کے علاوہ امریکہ اور کینیڈا کے شہریوں پر بھی قرنطینہ کی شرط کو برقرار رکھا گیا ہے۔

اس حوالے سے برطانوی دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مذکورہ ممالک سے آنے والے افراد کو 14 دن کے لئے قرنطینہ میں نہیں رہنا ہو گا، فیصلہ سیاحت اور معیشت کی بہتری کے لئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ نے ممکنہ طور پر پاکستان سے پابندی اس لئے ختم نہیں کی کیونکہ پاکستان میں ابھی تک کورونا کیسز کی تعداد سامنے آ رہی ہے۔ تاہم دوسری طرف 60 ممالک سے برطانیہ کی طرف سے پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ23 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک پانچ لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔