خیبرپختونخوا میں ڈبل شفٹ اسکول پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 10 جولائی 2020 21:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں میں ڈبل شفٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اِس ضمن میں ضلعی تعلیمی افسران کا اجلاس 16 جولائی کو طلب کیا جائے گا۔خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق محکمہ تعلیم کا ڈبل شفٹ اسکول پروگرام کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

مراسلہ میں کہا گیا کہ تمام ڈی ای اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں، اجلاس میں سرکاری اسکولوں میں طلباء کے داخلوں کے اہداف پر غور ہوگا۔اجلاس میں ان اسکولوں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں گنجائش سے زیادہ بچے ہیں اور اجلاس کا مقصد اسکول سے باہر بچوں کے اعداد و شمار کا تعین کرنا ہے۔مراسلہ میں بتایا گیا کہ ان اسکولوں کی نشادہی بھی کی جائے گی جہاں پر ڈبل شفٹ پروگرام ممکن ہو۔واضح رہے کہ دو روز قبل وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی جس میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا اور تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے تجویز پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :