وفاقی حکومت کا ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کو پیکیج کے ذریعے معاوضہ دینے کا فیصلہ

افریقہ سے ایران کے راستے اور بھارت سے ٹڈیوں کے داخلے کا امکان ہے، ٹڈی دل کے متوقع کے لئے ضروری اقدامات موجود ہیں، بریفنگ کوویڈ 19 کے ساتھ ٹڈی دل حملہ بھی پاکستان کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، ملک کے غذائی تحفظ کی خاطر حکومت ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی، عمران خان

جمعہ 10 جولائی 2020 21:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) وفاقی حکومت نے ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کو پیکیج کے ذریعے معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزراء ، اور چیئرمین این ڈی ایم اے بھی ہمراہ تھے۔وزیراعظم کو ٹڈی دل کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

انجینئر ان چیف پاکستان آرمی/ نیشنل کوآرڈینیٹر این ایل سی سی لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹڈی دل کنٹرول کے پہلے فیز کے لیے نیشنل ایکشن پلان مکمل ہوچکا ہے، افریقہ سے ایران کے راستے اور بھارت سے ٹڈیوں کے داخلے کا امکان ہے، ٹڈی دل کے اس متوقع کے لئے ضروری اقدامات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ٹڈی دل کنٹرول کے لئے نیشنل ایکشن پلان کے دوسرے فیز کی اصولی منظوری دے دی۔

اجلاس میں متاثرہ کسانوں کو بھی ایک پیکیج کے ذریعے معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ کوویڈ 19 کے ساتھ ٹڈی دل حملہ بھی پاکستان کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، ملک کے غذائی تحفظ کی خاطر حکومت ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی،وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور تنظیموں کے مربوط قومی ردعمل کی ضرورت ہے، متوقع ٹڈی دل حملے سے فصلوں کی پیداوار متاثر نہ ہو۔