دبئی میں غیرملکی فضائی کمپنیوں کی پروازیں بحال ،سیاحوں کا واپسی پر خیرمقدم

دبئی ائیرپورٹ سے پی آئی اے اور ایئربلو سمیت 13 بین الاقوامی فضائی کمپنیاں پروازیں چلائیں گی،میڈیاآفس

جمعہ 10 جولائی 2020 22:06

دبئی میں غیرملکی فضائی کمپنیوں کی پروازیں بحال ،سیاحوں کا واپسی پر ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تیرہ بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی پروازوں کی دوبارہ آمد ورفت شروع ہوگئی ہے اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں کے مکمل خاتمے یا ان میں نرمی کے بعد بین الاقوامی سیاحوں کی بھی دبئی میں دوبارہ آمد کا آغاز ہوگیا ہے۔

دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جن بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازیں بحال کردی ہیں یا ایسا کررہی ہیں ، ان میں پاکستان کی دو فضائی کمپنیاں ایئربلو اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز بھی شامل ہیں۔ان کے علاوہ ایئر فرانس ، سیبو پیسیفک ، مصرایئر، ایتھوپیا ایئرلائنز ، گلف ایئر ، کے ایل ایم ، لفتھانسا ، ماہان ائیر ،مڈل ایسٹ ایئرلائنز، فلپائن ایئرلائنز اور اردن کی شاہی فضائی کمپنی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کیک مطابق دبئی میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا کہ دوسری فضائی کمپنیاں بھی بہت جلد دبئی سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کردیں گی۔نیز دبئی کی ملکیتی امارات ائیرلائنز اور فلائی دبئی نے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔اس نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسدارای پر زوردیا ہے اورہوائی اڈے پر آنے والوں کی تلقین کی ہے کہ وہ چہرے پر ماسک اور ہاتھوں پر دستانے پہن کررکھیں، اپنا جسمانی درجہ حرارت چیک کروائیں۔

سماجی فاصلہ اختیار کریں اور اپنی پرواز سے دو گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر آئیں تاکہ سکریننگ کا عمل بروقت مکمل کیا جاسکے۔میڈیا دفتر نے خبردار کیا کہ صحت عامہ کے تحفظ اور جسمانی فاصلے کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کنفرم ٹکٹ کے بغیر مسافروں ، مناسب حفاظتی آلات وسامان کے بغیر مسافروں اوراپنی پرواز کی روانگی سے چار گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر آنے والے مسافروں کو ٹرمینل کی عمارتوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔