برطانیہ میں 50 فیصد کورونا کیسز پاکستان سے منتقل ہونے کا دعویٰ غلط ثابت

مقامی اخبار کو بتایا گیا تھا کہ صرف 30 کیسز پاکستان سے آئے لیکن شاید اخبار نے خبر میں مصالحہ رکھنے کے لیے یہ بات شائع نہیں کی، برطانوی حکام

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 11 جولائی 2020 10:27

برطانیہ میں 50 فیصد کورونا کیسز پاکستان سے منتقل ہونے کا دعویٰ غلط ثابت
برطانیہ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-11جولائی2020ء) برطانیہ میں 50 فیصد کورونا کیسز پاکستان سے منتقل ہونے کا دعویٰ غلط ثابت ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے برطانوی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مقامی اخبار کو بتایا گیا تھا کہ صرف 30 کیسز پاکستان سے آئے لیکن شاید اخبار نے خبر میں مصالحہ رکھنے کے لیے یہ بات شائع نہیں کی۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف کو سرکاری فنڈ پر چلنے والے ادارے پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے حکام کی طرف سے پاکستان سے متعلق اعدادو شمار فراہم کیے گئے تھے۔

اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ صرف 30 کیسز کی بنیاد پر بیشتر اخباروں نے یہ خبر نشر کر دی، تا ہم بعد میں ارکان پارلیمنٹ ناز شاہ اور افضل خان کی سخت تنقید کے بعد اخبارات نے صرف ہیڈلائنز میں تبدیلی کی، باقی خبر ویسی ہی رکھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے بیرون ملک سے آنے والے آدھے کیسز کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا گیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا تھا کہ برطانیہ میں بیرون ملک سے اب تک جتنے بھی کورونا سے متاثرہ افراد آئے ہیں، ان میں سے بیشتر کا تعلق پاکستان سے ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یکم مارچ سے اب تک برطانیہ میں 190 پروازیں آئی ہیں جس کے بعد بیرون ملک سے آنے والے متاثرہ لوگوں میں سے آدھے افراد پاکستان سے آئے ہیں۔ مزید بتایا گیا تھا کہ ان پروازوں میں مجموعی طور پر 65 ہزار سے زیادہ افراد نے سفر کیا جس کے بعد ان میں سے کچھ افراد کو ایئرپورٹ سے ہی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا اور کچھ کی حالت اس قدر تشویشناک تھی کہ انہیں ہسپتال سے ہی آئی سی یو منتقل کرنا پڑا۔

اس حوالے سے یہ موقف بھی پیش کیا گیا تھا کہ پاکستان وہ ملک ہے جہاں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد میں 4 ہزار سے زیادہ کا اضافہ ہو رہا ہے۔ تا ہم اب یہ دعویٰ غلط ثابت ہو گیا ہے اور حقائق سامنے آنے کے بعد یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ اخبار نے صرف 30 مریضوں کی بنیاد پر یہ خبر دی تھی۔