ای او بی آئی پنشنرز کو یوٹیلیٹی سٹورز پر 10 فیصد تک سبسڈی دی جائیگی،دونوں اداروں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

حکومت جلد ای او بی آئی سہولت کارڈ کا آغاز کریگی،دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کا مقصد کم آمدن والے افراد کو کم نرخ پر راشن دے کر ان کی خدمت کرنا ہے، زلفی بخاری

ہفتہ 11 جولائی 2020 12:57

ای او بی آئی پنشنرز کو یوٹیلیٹی سٹورز پر 10 فیصد تک سبسڈی دی جائیگی،دونوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) سے مستفید ہونیوالے لگ بھگ 80 لاکھ افراد کو ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے تمام آؤٹ لیٹس پر 10 فیصد تک سبسڈی دی جائیگی۔ گزشتہ روز ای او بی آئی اور یو ایس سی کے درمیان اس ضمن میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومین ریسورس ڈیولپمنٹ سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ حکومت جلد ہی ای او بی آئی سہولت کارڈ کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی سے مستفید ہونے والے 80 لاکھ کو یوٹیلیٹی اسٹورز سے غذائی اجناس کی خریداری پر 10 فیصد تک سبسڈی ملے گی۔زلفی بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ای او بی آئی اور یو ایس سی کے مابین شراکت داری ایک تاریخی اقدام ہے ،وزیر اعظم عمران خان کے ملک کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے وڑن کو سمجھتے ہوئے سرکاری محکموں کی کوششوں کو ایک قوت دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ای او بی آئی کے پنشنرز کے وظیفے کی رقم 5 ہزار 250 روپے سے بڑھا کر ساڑھے 8 ہزار روپے کردی ہے جسے موجودہ حکومت کی مدت کے اختتام تک مزید بڑھا کر 15 ہزار روپے کردیا جائے گا۔ زلفی بخاری نے کہا کہ کارڈ کے اجرا کے بعد ای او بی آئی سے رجسٹرڈ افراد زیادہ سے زیادہ سہولیات حاصل کرسکیں گے کیونکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اس سکیم میں مزید مراعات شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ای او بی آئی کے چیئرمین اظہر حمید نے بتایا کہ ای او بی آئی سہولت کارڈکا اجرا آئندہ ماہ کے اوائل میں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر سینکڑوں افراد کو یہ کارڈ مہیا کیا جائیگا اور بعدازاں ای او بی آئی سے مستفید ہونے والے فراد کو کارڈ جاری کرنا شروع کئے جائینگے جس کی تصدیق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ذریعہ کی جائے گی۔

یو ایس سی کے چیئرمین ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ ضرورت مند افراد کو مالی فوائد پہنچانے کے علاوہ سرکاری کارپوریشنز کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگا۔زلفی بخاری نے کہا کہ دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کا مقصد کم آمدن والے افراد کو کم نرخ پر راشن دے کر ان کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے سہولت کارڈ رکھنے والے افراد کو مخصوص غذائی اجناس کے علاوہ کھانے پینے کی کچھ اشیا پر 10 فیصد سے بھی زیادہ کی چھوٹ مل سکتی ہے۔

زلفی بخاری نے ای او بی آئی سے رجسٹرڈ افراد پر زور دیا کہ وہ کارڈ کے اجرا سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ یو ایس سی اس اقدام کے تحت مزید سہولیات کا اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر ای او بی آئی کے پنشنرز اور انشورڈ افراد کو اس حوالے سے آگاہ کرنے کے لیے ایک وسیع آگاہی مہم چلائی جائے گی تاکہ وہ اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کریں۔ چیئرمین یو ایس سی نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اٹھایا گیا جو معاشرے کے تباہ حال طبقے کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے حامی ہیں۔

متعلقہ عنوان :