متحدہ عرب امارات کے لئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد پاکستان سے دبئی، شارجہ، ابو ظہبی اور العین کیلئے پروازیں روانہ ہورہی ہیں

ہفتہ 11 جولائی 2020 13:04

متحدہ عرب امارات کے لئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2020ء) قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے لئے پی آئی اے کے فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد پاکستان سے دبئی، شارجہ، ابو ظہبی اور العین کیلئے پروازیں روانہ ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کی طرف سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق دبئی حکام کی ہدایات کے تحت تمام مسافروں کو پرواز کی روانگی کے 96 گھنٹوں کے اندر مختص کردہ لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ کرانا لازم ہوگا اور منفی رپورٹ بورڈنگ کے وقت پیش کرنا ہوگی ۔

ترجمان نے کہا کہ مسافروں کو دبئی اتھارٹی کی جانب سے سفر کے لئے کلیئرنس سرٹیفیکٹ کا حصول بھی لازم ہے۔ متحدہ عرب امارات کے لئے سفر کے خواہشمند آن لائن اپلائی کرنے کے لئے مطلوبہ اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات پہنچنے سے پہلے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی پر کرنا لازم ہے۔ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہوگیا ہے جو پی آئی اے کے دفاتر کے علاوہ ویب سائٹ اور ایجنٹس سے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔