لاہور چیمبر اور بہاولپور چیمبر کاصنعت و تجارت کی ترقی اور تاجر برادری کیلئے مل کر کام کا فیصلہ ،مفاہمتی یادداشت پر دستخط

دونوں چیمبر کے مابین ہم آہنگی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مددگار ثابت ہو گی‘ عرفان اقبال شیخ

ہفتہ 11 جولائی 2020 14:17

لاہور چیمبر اور بہاولپور چیمبر کاصنعت و تجارت کی ترقی اور تاجر برادری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بہاولپور چیمبر نے صنعت و تجارت کی ترقی اور تاجر برادری کے لئے مل کر کام کا فیصلہ اور ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ اور اور بہاولپور چیمبر کے صدر جاوید اقبال چودھری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، بہاولپور چیمبر کے سینئر نائب صدر احمد بلال، سیکریٹری جنرل عبیر حیدر اور لاہور چیمبر کے سیکریٹری جنرل شاہد خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دونوں چیمبرز کے عہدیداروں نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ دونوں چیمبر مل کر باہمی دلچسپی والے مسائل پر مشترکہ حکمت عملی تشکیل دیں گے،تجارت سے متعلق تمام معلومات ، اشیاء کی مسابقت میں اضافے اور کاروباری لاگت میں کمی جیسی تمام معلومات کا تبادلہ کریںگے اور ملک کی معاشی ترقی کے لئے تجاویز تیار کرنے میں ایک دوسرے سے تعاون کو فروغ دیں گے۔

(جاری ہے)

صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ دونوں چیمبر کے مابین ہم آہنگی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مددگار ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کی طاقت مل کر کام کرنے میں ہے تاہم دونوں شہروں کی تاجر برادری کو معاشی مسائل اور چیلنجز کا سامنا کرنے میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کو خصوصی سہولیات دے کیونکہ وہ قیمتی زرمبادلہ بھجواکر ملک کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی بیرون ملک سے ترسیلات کی آمد میں اضافے کا سبب بنے گی۔

صدر بہاولپور چیمبر جاوید اقبال چودھری اور سینئر نائب صدر احمد بلال نے کہا کہ بہاولپور اور لاہور چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے دونوں شہروں کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی برآمدات میں اضافہ کرنے کی بے حد ضرورت ہے ، برآمدی پیداوار والی صنعتوں کے مسائل کے مسائل کو سب سے پہلے حل کیا جا نا چاہیے۔