بابراعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ قبل از وقت ہے :آکاش چوپڑا

پاکستانی بلے باز باصلاحیت ،ویرات کوہلی ان سے بہت آگے اور مایہ ناز پلیئرز میں شامل ہو چکے : سابق اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 11 جولائی 2020 15:23

بابراعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ قبل از وقت ہے :آکاش چوپڑا
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2020ء ) سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا کا کہنا ہے کہ پاکستانی بیٹسمین بابراعظم کا بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے موازنہ قبل از وقت ہے ۔یوٹیوب چینل پر 43 سالہ سابق بھارتی اوپننگ بلے باز کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بابراعظم ایک پرجوش صلاحیت ہیں مگر سچائی یہی ہے کہ ان سے بہت پہلے کھیل میں آنیوالے ویرات کوہلی ان سے بہت آگے اور عظمت کے مالک پلیئرز میں شامل ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان موازنہ ویرات کوہلی کی بجائے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کیا جائے تو ان کو زیادہ اچھا لگے گا۔ ووسٹر شائر سے پاکستانی صحافیوں سے آن لائن گفتگو میں بابر اعظم نے کہا کہ انکا موازنہ جاوید میانداد، محمد یوسف، یونس خان اور انضمام کے ساتھ کیا جائے تو زیادہ اچھا ہے نہ کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ ۔

(جاری ہے)

پچھلے کچھ سالوں سے شائقین اور ماہرین کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں بابراعظم کی پرفارمنس کا ویرات کوہلی کی کارکردگی سے موازنہ کرتے رہے ہیں تاہم بابراعظم نے اکثر کہا ہے کہ وہ اور کوہلی مختلف کھلاڑی ہیں۔ بابر اعظم پاکستان سکواڈ کا حصہ ہیں جن کا گذشتہ ماہ کووڈ 19 کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور انگلش ٹیم کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے وہ اتوار کو برطانیہ پہنچے تھے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ انکی ٹیم قرنطینہ کے باعث ہوٹل اور گراؤنڈ تک محدود ہیں تاہم وہ سب انگلینڈ میں ٹریننگ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو شکست دینے کے امکانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان کا فاسٹ بولنگ اٹیک انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کو پریشان کرنے میں کامیاب ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اپنے گذشتہ دورہ انگلینڈ کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کی وجہ سے کھلاڑی اس سیریز کے مثبت نتائج کے لیے بھی پُرامید ہیں۔

ہم فی الحال اپنی توجہ ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مرکوز کیے ہوئے ہیں کیونکہ یہ دورے کا پہلا مقصد ہے۔‘ بابر اعطم نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ’انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج ہے تاہم ہمارے بولرز انگلش بلے بازوں کو ٹف ٹائم دیں گے۔ ہم ان کے کمزور ٹیسٹ ٹاپ آرڈر کو نشانہ بنائیں گے۔‘ ’محمد عباس تجربہ کار ہیں جبکہ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی بھی بہت زیادہ باصلاحیت بولر ہیں۔ ہمیں اپنے بولرز سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔‘ بابر اعظم نے اپنے حوالے سے کہا کہ وہ بیٹنگ میں مستقل مزاجی پر توجہ دیں گے اور امید ہے کہ وہ اس سیریز میں سنچری سکور کریں۔